لاہور: ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دے دیا۔
لاہور میں کھیلے جارہے ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان کے خلاف 193 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان نے بنگلہ دیش کی چار وکٹیں 47 رنز پر گرائیں، شکیب اور مشفیق الرحیم نے پانچویں وکٹ پر سنچری شراکت بنائی، شکیب الحسن نے 53 اور مشفیق الرحیم نے 64 رنز اسکور کیے۔
حارث رؤف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، نسیم شاہ نے 3 اور فہیم اشرف، افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے اسپنر محمد نواز کی جگہ لے لی ہے۔
تاس کے موقع پر بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نجم الحسین شنٹو کی جگہ لٹن داس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، ہم نمبر ون ٹیم کا سامنا کر رہے ہیں ہمیں بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، ہمارا پیس اٹیک بہت اچھا ہے، کوشش کریں گے بنگلہ دیش کو کم سے کم ٹوٹل پر محدود کریں، کوشش کریں گے مومنٹم جاری رکھتے ہوئے میچ جیتیں۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ کے لئے اعلان کردہ بھارتی ٹیم مضبوط اور متوازن ہے، لال چند راجپوت
ٹیم میں اوپنر امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، افتخار احمد، محمد رضوان، سلمان علی آغا، شاداب خان، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
میچ کے بعد دونوں ٹیمیں سری لنکا کا رخ کریں گی جہاں پاکستانی ٹیم اور روایتی حریف بھارت کا 10 ستمبر کو کولمبو میں مقابلہ ہوگا ۔ گرین شرٹس جمعرات 14 ستمبر کو اسی میدان میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کے مدمقابل آئیں گے۔
یو این آئی