پرل: سنجو سیمسن کی 108 رن کی سنچری اور تلک ورما کی 52 رن کی نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے جمعرات کے روز جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں 296 رن کا چیلنجنگ اسکور بنا لیا ہے۔
آج یہاں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بلے بازی کے لیے آئی ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور پانچویں اوور کی چوتھی گیند پر سلامی بلے باز رجت پاٹیدار 22 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔یہ ان کا پہلا ون ڈے میچ تھا۔ وہ برگر کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد آٹھویں اوور میں ہینڈرکس نے سائی سدرشن کو 10 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر کے ہندوستان کو دوسرا جھٹکا دیا۔
کپتان کے ایل راہل بھی 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ تاہم میچ میں 13 رنز بنا کر انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں اپنے 1000 رنز مکمل کر لیے۔ اس کے بعد تلک اور سیمسن نے اننگز کو سنبھالا اور 136 گیندوں میں 116 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ سیمسن تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے اور 110 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے اپنی 108 رنز کی اننگز میں چھ چوکے اور تین چھکے لگائے۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری تھی۔ انہوں نے یہ کارنامہ 16ویں میچ میں انجام دیا۔ اس اننگز کے دوران انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں اپنے 500 رنز بھی مکمل کر لئے ہیں۔
ہندوستانی ٹیم کے نوجوان بلے باز تلک نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی پہلی نصف سنچری تھی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا بھی لگایا۔ رنکو سنگھ نے آخری اوورز میں 27 گیندوں میں 38 رنز بنائے۔ واشنگٹن سندر نے 14 رنز بنائے۔ اکشر پٹیل ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ارشدیپ سنگھ سات رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے اور اویس خان ایک رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستانی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 296 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: ہندوستانی خواتین ٹیم نے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا کو 219 رن پر آؤٹ کیا
جنوبی افریقہ کی جانب سے بیورن ہینڈرکس نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ناندرے برگر نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ لیزاد ولیمز، ویان مولڈر اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یواین آئی۔