کولکتہ: پنجاب کنگز نے شیکھر دھون (47 گیندوں، 57 رن) کی نصف سنچری کے بعد شاہ رخ خان (8 گیندوں، 21 رن) اور ہرپریت برار (9 گیندوں، 17 رن) کے درمیان 40 رن کی شراکت داری کی بدولت کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے سامنے 180 رن کا ہدف رکھا۔ دھون نے 47 گیندوں پر نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رن بنائے، حالانکہ ان کے 15ویں اوور میں آؤٹ ہونے کے بعد پنجاب کا رن ریٹ رک گیا۔ ایسے میں شاہ رخ اور ہرپریت نے آخری 16 گیندوں میں 40 رن کی شراکت داری کرکے پنجاب کی اننگز کا دھماکہ خیز اختتام کیا۔
پنجاب نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے اوور میں تین چوکے لگانے والے پربھاسمرن آٹھ گیندوں پر 12 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ طویل عرصے بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے بھانوکا راجا پکشے بھی صفر پر آوٹ ہوگئے۔ پنجاب نے پاور پلے میں 58 رن بنائے، حالانکہ اس نے لیام لیونگسٹن (9 گیندوں، 15 رن) کی صورت میں تیسرا وکٹ بھی کھو دیا۔
گرتی ہوئی وکٹوں کے درمیان پنجاب کو ایک شراکت کی ضرورت تھی، جو شیکھر اور جیتیش شرما نے فراہم کی۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 53 رن کی شراکت داری کی، جس میں جیتیش نے 18 گیندوں پر 21 رن کا تعان کیا۔
اس سے پہلے کہ پنجاب کی اننگز رفتار پکڑتی کے کے آر نے اسپنروں کی مدد سے میچ میں واپسی کی۔ ورون چکرورتی نے جیتیش کو پویلین واپس بھیجا جبکہ نتیش رانا نے دھون کی وکٹ حاصل کرکے کپتانوں کی لڑائی جیت لی۔ رشی دھون نے 11 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 19 رن بنائے لیکن وہ بھی چکرورتی کا شکار ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: Ravi Shastri on Rohit Sharma ممبئی انڈینز کی کپتانی روہت شرما کے لیے چیلنج بن گئی
سویوش شرما کی گیند پر سیم کیرن (نو گیندوں، چار رن) کا وکٹ گرنے کے بعد پنجاب کا 17.2 اوور میں 139/7 کا اسکور ہوگیا۔ کے کے آر پنجاب کو 160 کے اسکور تک روک سکتی تھی لیکن شاہ رخ اور ہرپریت نے ایسا نہیں ہونے دیا۔ شاہ رخ نے 18ویں اوور میں پچ پر آنے کے بعد آٹھ گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 21 رن بنائے، جب کہ ہرپریت نے نو گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 17 رن بنائے۔ کے کے آر کے لیے چکرورتی نے چار اووروں میں 26 رن دے کر تین وکٹ لیے جبکہ ہرشیت رانا نے تین اوور میں 33 رن دے کر دو وکٹ لیے۔ سویوش اور نتیش کو ایک ایک وکٹ ملا۔
یواین آئی