حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج Fast Bowler Mohammed Siraj کی ون ڈے ٹیم میں تقریباً دو سال بعد واپسی ہوئی ہے اور ٹیسٹ میچوں کی طرح یک روزہ سیریز میں بھی ان سے بہتر کاکردگی کی امیدیں ہیں۔
محمد سراج نے اپنا آخری یک روزہ میچ آسٹریلیا کے خلاف 15 جنوری 2019کو ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا تھا۔ ان کو مسلسل نمایاں مظاہرہ اور محنت کا صلہ ملا ہے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف یک روزہ سیریز تین میچوں پر مشتمل ہے اور اس کا پہلا میچ پارل میں 19 جنوری کو کھیلا جائے گا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم Indian Cricket Taem کےابھرتے ہوئے گیند باز محمد سراج پر بھروسہ کرتے ہوئے حال ہی میں سلیکٹرز نے تقریباً دو سال بعد یک روزہ سیریز میں شامل کیا ہے۔
سراج مسلسل اپنے کھیل میں نکھار لارہے ہیں اور انہوں نے سنچیورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے ٹسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بتدریج بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے اہم وکٹیں حاصل کی تھیں۔
محمد سراج، وراٹ کوہلی کے بااعتماد ساتھی سمجھے جاتے ہیں جنہیں ایشانت شرما کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور وہ کوہلی کی امیدوں پر پورا اترنے میں کامیاب رہے اور کوہلی اور سلیکٹرز کو انہوں نے مایوس نہیں کیا۔
اکثر دیکھا جاتا ہے کہ دوران میچ کوہلی کو جب بھی وکٹ کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ سراج کو گیند تھماتے ہیں اور سراج کوہلی کو مایوس نہیں کرتے۔
حالیہ دنوں کے دوران ان کا فٹنس بھی کافی اچھا رہا ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ میں اچھے کھیل کامظاہرہ کیا۔
دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی سچن تنڈولکر نے حال ہی میں دیئے گئے اپنے انٹرویو میں سراج کی کافی ستائش کرتے ہوئے کہا تھا کہ سراج میں کافی اعتماد ہے۔ جب وہ میچ کی آخری گیند کرنے کے لیے آتے ہیں تو یہ محسوس ہی نہیں ہوتا کہ یہ میچ کی آخری گیند ہے کیونکہ جس طرح میچ کی پہلی گیند کے وقت ان میں جذبہ ہوتا ہے وہی جذبہ ان میں میچ کی آخری گیند کے موقع پر بھی دیکھا جاتا ہے۔
محمد سراج کو ونڈے سیریز میں دو برسوں سے جگہ نہیں مل پائی تھی۔ انہوں نے ٹیسٹ سیریز میں اپنے مسلسل نمایاں مظاہرے کی بنیاد پر اب ونڈے سیریز میں بھی جگہ بنائی ہے جن سے تمام کو کافی امیدیں وابستہ ہیں۔