ممبئی: لگاتار دو میچوں میں شکست سے انڈین پریمیئر لیگ کی دفاعی رنر اپ کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کا اعتماد ڈگمگایا ہوا ہے لیکن آج ٹیم راجستھان رائلز کے خلاف میدان میں اترے گی تو وہ اپنی مہم کو دوبارہ جیت کی پٹری پر لانے کی کوشش کرے گی۔ کے کے آر کو گزشتہ دو میچوں میں دہلی کیپٹلز اور سن رائزرس حیدرآباد نے بالترتیب 44 رنز اور سات وکٹوں سے شکست ملی ہے۔ ٹیم اب تک چھ میچ کھیل چکی ہے جس میں اسے رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف بھی ہار کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔
راجستھان رائلز (پلیئنگ الیون): سنجو سیسن(کپتان ،وکٹ کیپر)، جوس بٹلر، دیودت پڈیکل، کرون نائر، شیمرون ہیٹمائر، ریان پراگ، روی چندرن اشون، ٹرینٹ بولٹ، پرسدھ کرشنا، اوبید میک کوئے، یُزویندر چہل
کولکاتہ نائٹ رائیڈرز (پلیئنگ الیون): شریس ایر(کپتان)، وینکٹیش ایر، ایرون فنچ، نتیش رانا، آندرے رسل، شیلڈن جیکسن (وکٹ کیپر)، سنیل نرائن، پیٹ کمنز، شیوم ماوی، اُمیش یادو، ورون چکر ورتی
کے کے آر ٹیم تین جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل کے وسط میں برقرار ہے۔ کے کے آر نے ابتدائی چار میں تین میچ جیت کر سیزن کا آغاز شاندار انداز میں کیا تھا لیکن ٹیم لگاتار دو ہارنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ چار مقام سے نیچے چلی گئی۔ ٹیم کو جیت کے ٹریک پر واپس آنے کے لیے بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں میں بہتری لانا ہوگی۔ آندرے رسل کے علاوہ کوئی بھی بلے باز مسلسل کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ رسل کے کے آر کے لیے چھ میچوں میں 179 رنز کے ساتھ موجودہ ٹاپ اسکورر ہیں اور گیند سے پانچ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ کپتان شریس ایر چھ میچوں میں ایک نصف سنچری کی مدد سے صرف 151 رنز ہی بنا پائے ہیں جبکہ نتیش رانا اور وینکٹیش ایر کی کارکردگی میں مستقل مزاجی کا فقدان رہا ہے۔ سیم بلنگز رنز بنانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
بولنگ کے شعبے میں تیز گیند باز اُمیش یادو (6 میچوں میں 10 وکٹیں) کے علاوہ کوئی بھی توقعات پر پورا نہیں اترا۔ ورون چکرورتی گزشتہ سیزن میں کے کے آر کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے لیکن رواں سیزن میں وہ چھ میچوں میں صرف چار وکٹوں کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں جبکہ سنیل نرائن کا بھی یہی حال ہے۔ آسٹریلیا کے ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز نے اس عرصے کے دوران تین میچوں میں تین وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ اپنے اعداد و شمار کو بھی بہتر کرنا چاہیں گے۔
دوسری جانب راجستھان رائلز کی ٹیم اس میچ کا آغاز جیت کی دعویدار کے طور پر کرے گی۔ جوز بٹلر اور یُزویندر چہل موجودہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے اور وکٹ لینے والوں کی فہرست میں ٹاپ پر ہیں۔ چہل پانچ میچوں میں 12 وکٹوں کے ساتھ شاندار فارم میں ہیں اور پرپل کیپ پہنے ہوئے ہیں۔ اس دوران انہوں نے صرف 6.80 کی اوسط سے رنز دیے۔ تجربہ کار روی چندرن اشون کی لینتھ بھی تشویشناک ہے۔ انہوں نے پانچ میچوں میں صرف ایک وکٹ حاصل کی ہے۔ تیز گیندبازی میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ (4 میچوں میں 7 وکٹیں) کو ٹیم کے دیگر گیند بازوں نے بھی خوب سپورٹ کیا۔
راجستھان رائلز کی بیٹنگ جوز بٹلر (ایک سنچری اور دو نصف سنچریوں کے ساتھ 272 رنز) اور شیمرون ہیٹمائر (ایک نصف سنچری کی مدد سے 197 رنز) کے گرد گھومتی ہے۔ حالانکہ ٹیم کے کپتان سنجو سیمسن اور نوجوان بلے باز دیو دت پڈیکل سے فارم تلاش کرنے کی امید کرے گی۔