زاہد محمود کو زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا لیکن اب شاداب خان کے زخمی ہونے کے بعد انہیں تین ٹی20 میچوں کے لیے بھی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ شاداب خان جوہانسبرگ میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں بیٹنگ کے دوران بائیں بازو پر گیند لگنے کے باعث انجری کا شکار ہوئے تھے۔ انجری ہونے پر شاداب خان کا ایکسرے کروایا گیا جس میں انٹرا آرٹیکلور کمیونی کیٹڈ فریکچر کی تشخیص ہوئی تھی۔آل راؤنڈر کو چار ہفتوں کے لیے آرام دیا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ کچھ عرصے کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے ہیں۔
زاہد محمود کے ساتھ ساتھ فخر زمان کو بھی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں عمدہ فارم کا مظاہرہ کرنے پر ٹی20 اسکواڈ کے ہمراہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فخر زمان کو اس سے قبل ٹی20 اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ٹیم مینجمنٹ کی درخواست پر سلیکشن کمیٹی نے اسکواڈ میں دونوں تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز 21 سے 25 اپریل تک ہرارے میں کھیلی جائے گی، جس کے بعد دونوں ٹیمیں ٹیسٹ میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔
یو این آئی