انگلینڈ کو ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر پر سجانے کے لئے 44 سال کا طویل انتظار کرنا پڑا، سنہ 1975 میں ورلڈ کپ کا آغاز انگلینڈ سے ہی ہوا تھا۔
انگلینڈ نے پہلا فائنل سنہ 1979 میں لارڈز کھیلا تھا جس میں ویسٹ انڈیز نے اسے شکست دی، انگلینڈ کو سنہ 1987 میں کولکاتہ میں آسٹریلیا اور سنہ 1992 میں میلبورن میں پاکستان کے ہاتھوں فائنل میں شکست ہوئی، لیکن لارڈز میں سنہ 2019 کا ورلڈ کپ انگلینڈ کے نام رہا۔
لارڈز میں فائنل کے ساتھ ہی آئی سی سی ورلڈ کپ کا میلہ چھ ہفتے بعد اپنے اختتام کو پہنچا، ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملی جبکہ ہارنے والی نیوزی لینڈ ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز کی رقم ملی۔
اوئن مورگن کی قیادت میں انگلینڈ 40 سال بعد ہوم گراونڈ پر فائنل کھیل رہی تھی جبکہ 27 سال بعد ورلڈ کپ فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ سنہ 1996کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کا نیا عالمی چیمپئن سامنے آیا ہے۔ انگلینڈ نے اس سے قبل کبھی ورلڈ کپ نہیں جیتا تھا۔
ہوم گراؤنڈ پر انگلینڈ تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ جیتنے کے لئے فیورٹ تھی، سنہ 1992 کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ جیتا تھا اور لاہور میں سری لنکا نے پہلی بار ورلڈ کپ جیتا تھا، انگلینڈ نے چوتھی بار اور نیوزی لینڈ نے مسلسل دوسری بارفائنل کھیلا۔