زمبابوے کے خلاف آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں 125 رنز کی عمدہ اننگز سمیت مجموعی طور پر سیریز میں 221 رنز بنانے والے بابر اعظم ٹی20 کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں ایک عرصے تک عالمی نمبر ایک رہے اور وہ اس وقت تینوں فارمیٹس میں واحد ایسے بلے باز ہیں جو صف اول کے پانچ بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔پاکستان کے کپتان جنوری 2018 سے اب تک چار مختلف مواقعوں پر عالمی نمبر ایک رہتے ہوئے مجموعی طور پر ٹی20 میں 774 دن تک سرفہرست بلے باز رہے ہیں اور رواں سال ستمبر تک بھی وہ اس منصب پر فائز تھے۔
تاہم انگلش بلے باز ڈیوڈ ملان نے انہیں اس اعزاز سے محروم کردیا جو ان سے صرف 8 پوائنٹس کے فاصلے سے نمبر ایک بلے باز ہیں اور سیریز میں اچھی کارکردگی کی بدولت بابر دوبارہ عالمی نمبر ایک بلے باز بن سکتے ہیں۔اسی طرح سیریز میں اسپن بالنگ آل راؤنڈر عماد وسیم کی نظریں بھی بہترین کارکردگی دکھا کر اچھی رینکنگ کے حصول پر مرکوز ہوں گی جو اس وقت بالر کی عالمی درجہ بندی میں 8ویں نمبر پر موجود ہیں۔عماد بھی 2017 اور 2018 میں مجموعی طور پر 146 دن تک عالمی نمبر ایک باؤلر رہ چکے ہیں۔
آئندہ سال ہندستان میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کے انعقاد میں ایک سال رہ گیا ہے اور ایسے میں تمام کھلاڑی بہتر سے بہتر کارکردگی دکھا کر ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانے کی کوشش کریں گے۔ ماضی میں عالمی نمبر دو بلے باز فخر زمان مستقل ناقص کارکردگی کی وجہ سے 22ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ 2007 میں کیریئر کی بہترین نویں پوزیشن حاصل کرنے والے بیٹنگ آل راؤنڈ محمد حفیظ بھی 42ویں نمبر پر براجمان ہیں۔
زمبابوے کی ٹیم کی بات کی جائے تو شان ولیم بیٹنگ میں 54ویں اور بالنگ میں 45ویں پوزیشن پر موجود ہیں لیکن وہ ماضی میں اس سے بہتر کارکردگی دکھا چکے ہیں۔وہ اس فارمیٹ کے ایک بہترین آل راؤنڈ ہیں اور ٹی20 آل راؤنڈرز کی عالمی درجہ بندی میں اس وقت تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی20 میچ ہفتہ کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں 8 اور 10 دس نومبر کو بالترتیب دوسرے اور تیسرے ٹی20 میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔