نتیش رانا (ناٹ آوٹ 105) کی طوفانی سنچری اور سلامی بلے بازوں کنال چندیلا (75) اور هتین دلال (82) کی شاندار نصف سنچری اننگز کی بدولت دہلی نے سابق چمپئن ودربھ کو رنجی ٹرافی اے اور بی گروپ مقابلے میں آج چوتھے اور آخری دن چھ وکٹ سے شکست دے کر چھ پوائنٹس حاصل کر لئے۔
دہلی کو جیت حاصل کرنے کے لئے 347 رن کا مشکل ہدف ملا تھا اور اس نے کل بغیر کوئی وکٹ گنوائے 10 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ کسی کو بھی توقع نہیں تھی کہ دہلی آخری دن جیت کے لئے ضروری رن بنا لے گی لیکن دہلی کے ٹاپ آرڈر کے بلے بازوں نے اس سیشن میں پہلی مرتبہ امید کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دہلی نے یہاں ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں چار وکٹ پر 348 رن بنا کر بہترین جیت اپنے نام کی۔
رانا نے صرف 68 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 105 رنز کی میچ فاتح اننگز کھیلی۔ رانا کو ان کی اس شاندار اننگز کے لئے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
چندیلا نے 146 گیندوں پر 75 رن میں نو چوکے لگائے جبکہ هتین نے 146 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے 82 رن بنائے۔ کپتان دھرو شوری نے 44 اور وکٹ کیپر انوج راوت نے ناٹ آؤٹ 18 رن کا تعاون دیا۔
دہلی کی پانچ میچوں میں یہ دوسری جیت ہے اور اس کے 16 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ چیمپئن ودربھ کو پانچ میچوں میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس کے 17 پوائنٹس ہیں۔
صبح میدان پر اترے چندیلا اور هتین نے ذمہ دارانہ بلے بازی کی اور پہلے وکٹ کے لئے 483 اوور میں 163 رن جوڑ کر دہلی کی جیت کی بنیاد مضبوط کی ۔ حالانکہ اس کے بعد دونوں سلامی بلے باز چھ رن کے وقفے میں آؤٹ ہو گئے۔
رجنیش گرباني نے هتین کو پہلی اننگز میں سات وکٹ لینے والے آدتیہ ٹھاکرے نے چندیلا کو آؤٹ کیا۔ دونوں سلامی بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے باوجود دہلی کو جیت کی امید دکھائی دے رہی تھی۔
رانا نے اپنے کپتان شوری کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 118 رن کی شراکت کرکے دہلی کو جیت کی طرف گامزن کیا۔ شوری کو اکشے وكھارے نے آؤٹ کیا۔ شوری نے 48 گیندوں پر 44 رن میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ للت یادو سات گیندوں میں سات رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
دہلی کا تیسرا وکٹ 287 اور چوتھا وکٹ 304 کے اسکور پر گرا۔ دہلی نے لنچ تک 103 اور اس کے بعد دوسرے سیشن میں 143 رن جوڑے۔ دہلی نے آخری سیشن میں 102 رن جوڑ کرشا ندار جیت اپنے نام کی۔ راوت نے 23 گیندوں پر ناٹ آوٹ 18 رن میں تین چوکے لگائے۔
دہلی کو جیت دلانے کا کریڈٹ پوری طرح رانا کو گیا جنہوں نے ودربھ کے گیند بازوں کی جم کر پٹائی کرتے ہوئے مقابلے پر دہلی کی مہر لگا دی۔ 26 سالہ رانا کی فرسٹ کلاس میں یہ چھٹی سنچری تھی۔
ودربھ کے گیندباز دوسری اننگز میں دہلی کے بلے بازوں پر کوئی اثر نہیں چھوڑ سکے۔ پہلی اننگز میں سات وکٹ لینے والے ٹھاکرے دوسری اننگز میں 16 اوور میں 69 رن دے کر ایک وکٹ ہی لے سکے۔ہندوستانی گیندباز امیش یادو کو 19 اوور میں 85 رن دے کر کوئی وکٹ نہیں ملا۔
مختصر اسکور:
ودربھ: 179 اور 3/330 ۔ اننگز ڈکلیئر
دہلی: 163 اور 4/348 ۔