یہاں ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں دہلی کو جیت حاصل کرنے کے لئے 84 رن کا معمولی ہدف ملا ہے اور اس نے جمعہ کو تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک بغیر کوئی وکٹ کھوئے 24 رنز بنا لئے ہیں۔
پہلی اننگز کے سنچری میکر اور کپتان شکھر دھون 15 رنز بنا کر اور کنال چندیلا چھ رن بنا کر کریز پر ہیں۔ دہلی کو محض 60 رن کی ضرورت ہے اور اس کے تمام 10 وکٹ باقی ہیں ۔
دہلی نے پہلی اننگز میں 284 رن بنائے تھے جبکہ حیدرآباد کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 69 رنز پر سمٹ گئی تھی اور اسے فالو آن کرنا پڑا تھا۔ حیدرآباد نے صبح دو وکٹ پر 20 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اوپنر اور کپتان تنمے اگروال کی 103 رنز کی شاندار پاری سے اننگز کی شکست کو ٹال دیا۔حیدرآباد کی ٹیم نے دوسری اننگز میں 298 رن بنائے۔
تنمے نے 154 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 103 کی شاندار اننگز کھیلی۔ حیدرآباد نے اپنی چھ وکٹ 97 رن پر گنوا دیئے تھے لیکن تنمے نے تياگراجن (34) کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لئے 93 رن اور مہدی حسن (ناٹ آؤٹ 71) کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لئے 60 رن جوڑ کر ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچا لیا۔
تياگراجن نے 70 گیندوں پر 34 رن میں چھ چوکے لگائے جبکہ مہدی حسن تیز بلے بازی کرتے ہوئے 62 گیندوں میں سات چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 71 رن بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
آخری دو بلے بازوں روی کرن نے 12 اور محمد سراج نے 10 رن بنائے۔پہلی اننگز میں 19 رنز پر چار وکٹ لینے والے ایشانت نے دوسری اننگز میں 89 رن پر چار وکٹ لئے جبکہ پہلی اننگز میں 23 رنز چار وکٹ لینے والے سمرجيت نے دوسری اننگز میں 80 رن پر تین وکٹ لئے۔ كنور بدھوڑی نے 48 رن پر دو وکٹ لئے۔