آئی سی سی نے اپنے اس اہم فیصلے میں کہا کہ وہ اب کسی بین الاقوامی میچ میں سلو اوور ریٹ کے لیے قصوروار ٹیم کے کپتان کو معطل کرنے کے بجائے 'كامپٹيشن پوائنٹس' کاٹ کر دے گا اور پوری ٹیم پر جرمانہ عائد کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں ان معاملات کو کم کیا جا سکے۔آئندہ ٹیسٹ چمپئن شپ سے یہ اصول قابل عمل ہو جائے گا۔
عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ اگست -2019 سے شروع ہو گی اور اس کا فائنل جون 2021 میں دو سرفہرست ٹیموں کے درمیان منعقد ہوگا۔ یہ چمپئن شپ یکم اگست کو ایشیز کے ساتھ شروع ہوگی۔
آئی سی سی نے جاری بیان میں کہاکہ عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ میں سست اوور ریٹ کے نئے عہد نامے کو لاگو کیا جائے گا اور میچ کے آخر میں مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم جتنے اوور سے پیچھے ہوگی اس کے فی اوور کے حساب سے دو كامپٹيشن پوائنٹس کاٹ لئے جائیں گے ۔حالانکہ اس میں اہم یہ ہے کہ عالمی ادارے نے اب سست اوور ریٹ کا قصوروار پائے جانے والی ٹیموں کے کپتانوں کو معطل کرنے کے اپنے سابقہ قوانین کو ختم کر دیا ہے۔ آئی سی سی نے کہا کہ سلو اوور ریٹ کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر اب کپتانوں کو معطل نہیں کیا جائے گا۔
تمام کھلاڑیوں کو اس کے لیے برابری سے قصوروار تصور کیا جائے گا اور کپتان کے ساتھ ساتھ تمام کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ آئی سی سی کے گزشتہ اصول کے مطابق جو بھی ٹیم ایک سال میں دو بار سلو اوور ریٹ کی قصوروار پائی جاتی تھی اس کے کپتان کو معطل کر دیا جاتا تھا۔
آئی سی سی نے کرکٹ کمیٹی کی ایک اور سفارش پر بھی اتفاق کیا ہے جس میں نو بال کے لئے ری پلے کے دیگر اختیارات کو تلاش کرنا شامل ہے۔ اس کے لیے آنے والے مہینوں میں تجربہ کیا جائے گا۔