بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں فاسٹ بالر ایشانت شرما کے کھیلنے پر چھائے شک کے بادلوں کے متعلق کہا ہے کہ ایشانت پہلے سے بہتر فٹ دکھائی دے رہے ہیں اور انہوں نے پریکٹس سیشن کے دوران اچھی بولنگ بھی کی ہے۔
وراٹ نے یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف جمعہ سے شروع ہونے والی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے پہلے بدھ کو پریکٹس سیشن کے بعد صحافیوں سے کہاکہ ایشانت اب پہلے سے بہتر دکھائی دے رہے ہیں۔وہ ٹخنے میں چوٹ لگنے سے پہلے جیسی بولنگ کر رہے تھے اسی طرح سے اب کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پریکٹس سیشن کے دوران ایشانت نے صحیح جگہ پر بولنگ کی۔ظاہر ہے کہ ایشانت کے پاس بہت تجربہ ہے اور وہ اس سے پہلے دو بار نیوزی لینڈ میں کھیل چکے ہیں۔
ان کا تجربہ سیریز میں انتہائی اہم ہو گا۔صحیح جگہ پر ان کو بولنگ کرتے دیکھنا شاندار ہے۔
غور طلب ہے کہ ایشانت شرما کو رنجی ٹرافی کے ایک میچ کے دوران 21 جنوری کو ٹخنے میں چوٹ لگ گئی تھی جس کے بعد ان کا 15 فروری کو بنگلور میں قومی کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں فٹنس ٹیسٹ ہوا تھا جس میں وہ پاس ہو گئے تھے۔