بھارتی کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ سمیت ٹیم کے معاون اسٹاف کے لیے عریضے طلب کئے ہیں کیوں کہ آئندہ ماہ بھارت کے ویسٹ انڈیز دورے کے بعد روی شاستری کا معاہدہ عنقریب ختم ہو رہا ہے۔
ٹیم انتظامیہ میں روی شاستری کے علاوہ معاون اسٹاف میں گیندبازی کوچ بھرت ارون، بلے بازی کوچ سنجے بانگر اور فیلڈنگ کوچ آر سری دھر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ان کوچیز کا معاہدہ ورلڈ کپ کے بعد ہی ختم ہوا ہے لیکن تین اگست تا تین ستمبر ویسٹ انڈیز دورے کے لیے ان کے عہدے کی معیاد 45 روز کے لیے بڑھائی گئی ہے۔
حالاںکہ یہ تمام کوچیز نئے طور پر عریضے داخل کر سکتے ہیں لیکن ٹیم کو نیا ٹرینر اور فزیو ملنا طئے ہے کیوں کہ عالمی کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کی شکست کے بعد ہی ٹرینر شنکر باسو اور فزیو تھیراپسٹ پیٹرک فرہارٹ ٹیم سے علاحدگی اختیار کر لی تھی۔
روی شاستری نے انیل کمبلے کے بعد سنہ 2017 میں ہیڈ کوچ کے طور پر ٹیم کی باگ دوڑ سنبھالی تھی لیکن ان کی نگرانی میں بھارتی ٹیم ایک بھی آئی سی سی ٹورنامنٹ نہیں جیت سکی ہے حالاںکہ رواں برس کے آغاز میں بھارت نے آسٹریلیا کو اسی کے گھر میں شکست دے کر تاریخ رقم کی تھی۔