انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب جاری کردہ تازہ ترین یک روزہ رینکنگ میں پاکستانی کرکٹر بابر اعظم پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ 26 سالہ پاکستانی بلے باز نے بھارتی کپتان وراٹ کوہلی کے سر سے ٹاپ بلے باز کا تاج چھین لیا ہے جو 1258 دنوں سے پہلے نمبر پر براجمان تھے۔
بابر اعظم کو جنوبی افریقہ کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے سیریز میں شاندار کارکردگی کا ثمرہ ملا اور وہ آئی سی سی یک روزہ درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ بابر اعظم سنہ 2015 سے پاکستانی ون ڈے ٹیم کا حصہ ہیں۔
تازہ ترین رینکنگ میں بابر اعظم کے 865 پوائنٹس ہیں جبکہ وراٹ کوہلی 857 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما 825 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
بابر اعظم کے علاوہ جنوبی افریقہ کے خلاف یک روزہ سیریز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے فخر زمان نے بھی درجہ بندی میں چھلانگ لگائی اور سرفہرست 10 بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں۔ فخر زمان 778 پوائنٹس کے ساتھ 8 ویں نمبر پر ہیں۔
- یک روزہ درجہ بندی میں پہلے مقام پر پہنچنے والے چوتھے پاکستانی ہیں بابر اعظم:
آئی سی سی ون ڈے رینکنگ ٹاپ پوزیشن پر پہنچنے والے بابر اعظم چوتھے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔ اس سے قبل ظہیر عباس، جاوید میاں داد اور محمد یوسف اس مقام پر پہنچے تھے۔
جنوبی افریقہ سیریز سے قبل بابر اعظم کے 837 ریٹنگ پوائنٹس تھے لیکن پہلے یک روزہ میچ میں شاندار سنچری (103 رنز) اور پھر تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں 94 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی نے انہیں دنیا کا پہلے نمبر کا بلے باز بنادیا۔
آئی سی سی یک روزہ درجہ بندی:
بابر اعظم | 865 پوائنٹس | پاکستان |
وراٹ کوہلی | 857 پوائنٹس | بھارت |
روہت شرما | 825 پوائنٹس | بھارت |
راس ٹیلر | 801 پوائنٹس | نیوزی لینڈ |
ارون فنچ | 791 پوائنٹس | آسٹریلیا |
جانی بیئرسٹو | 785 پوائنٹس | انگلینڈ |
فاف ڈو پلیسس | 778 پوائنٹس | جنوبی افریقہ |
فخر زمان | 778 پوائنٹس | پاکستان |
ڈیوڈ وارنر | 773 پوائٹس | آسٹریلیا |
شائی ہوپ | 773 پوائٹس | ویسٹ انڈیز |