سری لنکا 27 اگست سے 11 ستمبر تک کھیلے جانے والے ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ کی میزبانی برقرار رکھے گا لیکن یہ ٹورنامنٹ سری لنکا کی بجائے یو اے ای میں منعقد ہوگا۔ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ 'سری لنکا میں ایشیا کپ کی میزبانی کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہ ملنے کے سبب مقام انعقاد کو یو اے ای منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یواے ای نیا وینیو ہوگا لیکن میزبانی کے حقوق سری لنکا کے پاس ہی ہوں گے۔ UAE to be hosted Asia Cup 2022
خوراک اور ایندھن کی فراہمی کی کمی کی وجہ سے سری لنکا اپنے بدترین بحران سے گزر رہا ہے۔ آسٹریلیا اور پاکستان کی میزبانی کرنے کے ساتھ یہ ملک ابھی بھی دو طرفہ کرکٹ کی میزبانی کرنے کی اہلیت رکھتا ہے لیکن ایشیا کپ ایک سے زیادہ ٹیموں کا ٹورنامنٹ ہونے کے باعث معاشی بدحالی کے درمیان اس کی میزبانی کرنے کے چیلنجز بہت زیادہ تھے۔
کرکٹ سری لنکا کے سی ای او ایشلے ڈی سلوا نے دس دن پہلے بتایا تھا کہ 'دو ٹیموں کی میزبانی کرنا دس ٹیموں کی میزبانی کرنے کے مترادف نہیں ہے۔ آپ کو ان سب کے لیے ایندھن کے ساتھ دس بسیں فراہم کرانی ہوں گی۔ آپ کو ہر ٹیم کو ایندھن کے ساتھ لگیج وین اور منیجرز ٹرانسپورٹیشن فراہم کرنا ہوگا۔ آپ کو اسپانسرز کو بھی ٹرانسپورٹ دینا ہوگا اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ انہیں وہ فوائد حاصل ہورہا ہے جو وہ اپنے اسپانسر شپ سے چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ آخری بار 2018 میں منعقد ہونے والا ایشیا کپ اس بار ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا اور اکتوبر میں ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاری کے طور پر کام کرے گا۔ اس کا آغاز یواے ای، کویت، سنگاپور اور ہانگ کانگ کے درمیان کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچوں سے ہوگا۔ جیتنے والی ٹیم اہم ٹورنامنٹ میں جائے گی اور سری لنکا، بھارت، پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش کے مقابل میچز کھیلے گی۔
یو این آئی رپورٹ