بالی ووڈ کے تجربہ کار اداکار دلیپ کمار کو آج ممبئی کے پی ڈی ہندوجا اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
سدابہار اداکار کو اتوار کے روز سانس لینے کی شکایت کے بعد ممبئی کے خار کے پی ڈی ہندوجا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
وہیں، اس دوران سائرہ بانو نے اپنے شوہر دلیپ کمار کو گھر لے جانے سے پہلے میڈیا سے بات کی اور اداکار کے صحت کے حوالے سے جانکاری دی۔
سائرہ بانو نے جمعہ کے روز اداکار کے مداحوں کی تمام دعاؤں کے لیے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت خوش ہیں، ان کے پھیپھڑوں سے فلوڈ کو ہٹا دیا گیا ہے، وہ اب گھر جارہے ہیں۔ ہم تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
جمعہ کی صبح ڈاکٹر جلیل پارکر نے دلیپ کمار کی صحت سے متعلق تازہ جانکاری دیتے ہوئے کہا تھا کہ "اداکار دلیپ کمار کو آج ممبئی کے پی ڈی ہندوجا اسپتال سے فارغ کیا جائے گا۔ سانس کی تکلیف کی شکایت کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔"