گاندربل: سرینگر لیہہ شاہرہ پر زوجیلہ ٹنل کی تعمیر کا کام شد و مد سے جاری ہے تاکہ سرینگر - لہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل سال بھر جاری رہے تاہم اس ٹنل کو پائے تکمیل تک پہنچانے میں تاخیر کا قوی امکان ہے۔ انتظامیہ نے اس ٹنل کو 2026 تک مکمل کرنے کیلئے کمپنی کو ہدایت دی تھی تاہم متعلقہ کمپنی کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس خراب موسمی صورت حال کی وجہ سے ٹنل کی تعمیر میں تاخیر ہو سکتی ہے تاہم انہوں نے اگلے برس تک 80 فیصد کام مکمل کرنے کی امید ظاہر کی ہے۔
زوجیلہ ٹنل کے پروجیکٹ منیجر ہرپال سنگھ نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ’’زوجلہ ٹنل کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کام سرعت کے ساتھ جاری ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ٹنل کو مقررہ وقت پر تعمیر کر کے عوام کے نام وقف کیا جائے اور اس کیلئے ہم نے دونوں طرف سے کام شروع کیا ہے اور امسال موسم ٹھیک رہنے کی وجہ سے کے کام میں کوئی بھی رکاوٹ حائل نہیں ہوئی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’سال 2025 تک ہماری یہ کوشش رہے گی کہ زوجیلہ ٹنل کے کام کو 80 فیصد مکمل کیا جائے اور اس کیلئے ہم بلا تعطل کام کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘‘
مزید پڑھیں: Zojila Tunnel Essential for Defense Activities: زوجیلا سرنگ دفاعی سرگرمیوں کے لیے کافی اہم
واضح رہے کہ اس پروجیکٹ میں ضلع کے گگنگیر علاقے سے سونہ مرگ تک ایک علیحدہ ٹنل کا کام بھی جاری ہے جسے زیڈ موہر ٹنل کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے اور وہ پایۂ تکمیل کے قریب ہے۔ حکام نے بتایا کہ 11 کلومیٹر طویل اس ٹنل کو امسال مئی کے آخر تک عوام کے نام وقف کیا جائے گا جس سے سونہ مرگ سال بھر سیاحوں کی آمد و رفت کیلئے کھلا رہے گا۔ ہرپال سنگھ نے مزید بتایا کہ اس بار امرناتھ یاترا کو ٹنل ذریعے ہی آخری پڑاؤ تک روانہ کیا جائے گا جو نہ صرف یاتریوں بلکہ انتظامیہ کے لیے بھی ایک خوش آئند اقدام ہے۔