واشنگٹن: امریکہ میں شدید برف باری سے نظام زندگی منجمد ہوگئی جبکہ مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 70 تک پہنچ گئی۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ میں برف باری کے بد ترین طوفان کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 70 ہوگئی، ریاست نیویارک کی اری اور نیاگرا کاؤنٹیز میں 34 اموات رپورٹ ہوئیں۔ نیویارک کے شہر بفیلو میں لوگوں کو آج بھی گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ، نیویارک کے مغربی علاقے 4 فٹ برف تلے دبے ہیں۔ US Winter Storm Death Toll
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث امریکہ بھر میں ایک لاکھ 22 ہزار گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک کے مغربی علاقوں آج مزید 9 انچ برف پڑنے کا امکان ہے، مغربی نیویارک میں آج درجہ حرارت منفی 2 سے منفی 6 ڈگری تک رہنے کا اندیشہ ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے شدید برفانی طوفان سے سب سے زایادہ نبرد آزما نیویارک میں ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے یہاں جاری ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ بیان کے مطابق، "صدر جو بائیڈن نے آج صوبہ نیویارک میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا اور 23 دسمبر کو شروع ہونے والے شدید موسم سرما کے طوفان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی سرگرمیوں کے لیے وفاقی امداد کا حکم جاری کیا۔"
بیان میں کہا گیا ہے کہ "صدر کا یہ عمل محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی، فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (فیما) کو اختیار دیتا ہے کہ وہ قدرتی آفات سے نمٹنے کی تمام کوششوں کو مربوط کرے جن کا مقصد مقامی آبادیوں پر ایمرجنسی کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات اور مصائب کو کم کرنا ہے اورضروری امداد کے لئے ہنگامی اقدامات فراہم کرنا ہے۔ (یو این آئی)