تہران: ایران نے امریکہ آرمینیا مشترکہ فوجی مشقوں کے خلاف ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق وزارتِ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے دارالحکومت تہران میں ہفتہ وار پریس کانفرنس میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کی اور ایجنڈے کے موضوعات سے متعلق سوالات کے جواب دیئے۔ امریکہ آرمینیا مشترکہ فوجی مشقوں سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ مسلح افواج کا مقصد کبھی بھی سلامتی کو یقینی بنانا نہیں رہا۔ امریکی فوج جہاں بھی گئی ہے وہاں عدم استحکام اور سکیورٹی مسائل کا سبب بنی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کنعانی نے کہا ہے کہ علاقائی ممالک کو علاقائی مسائل خود حل کرنے چاہیئں۔ ہم، علاقے میں غیر علاقائی فورسز کی موجودگی کو سلامتی و استحکام کے برعکس خیال کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ آرمینیا وزارت دفاع نے 6 ستمبر کو جاری کردہ بیان کے مطابق امریکہ کے ساتھ بین الاقوامی دفاع امن مشنوں میں شمولیت کی تیاری کے سلسلے میں 11 تا 20 ستمبر کو ایگل پارٹنر 2023 مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل نیوز ایجنسی ژنہوا نے 'امریکہ کی فوجی قیادت کی اصلیت، حقائق اور خطرات' کے عنوان سے ایک رپورٹ شائع کی تھی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی فوجی قیادت نے صرف جنگیں چھیڑ کر اور دوسرے ممالک پر حملے کرکے دنیا کے لیے تباہی لائی ہے۔ جبکہ امریکہ کو بھی اس سے شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نائن الیون حملوں کے بعد امریکا کی جانب سے شروع کی گئی جنگوں میں 7 ہزار سے زائد امریکی فوجی اور تقریباً امریکی دفاعی سیکٹر میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے 8 ہزار افراد ہلاک ہوئے جب کہ 30 ہزار سے زائد فوجیوں نے خودکشی کی جو جنگ میں مرنے والے فوجیوں کی تعداد سے چار گنا زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
- مغرب کی ایران کو تنہا کرنے کی کوششیں ناکام رہی ہیں: صدر ابراہیم رئیسی
- برکس میں ایران اور سعودی عرب سمیت چھ نئے ممالک کی شمولیت
رپورٹ کے ہی مطابق امریکہ سال 2001 سے جنگوں پر 5.8 ٹریلین ڈالر سے زیادہ خرچ کر چکا ہے، جس میں افغانستان اور عراق کی جنگوں کے سابق فوجیوں کی طبی اور معذوری کی دیکھ بھال پر 350 بلین ڈالر سے زیادہ رقم بھی شامل ہے۔ اگلے 30 برسوں میں اس شعبے میں 2.2 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جانی ہے، جس سے ٹیکس دہندگان پر بہت زیادہ بوجھ پڑ رہا ہے۔ 9/11 کے حملوں کے بعد امریکہ نے جتنے فوجی اخراجات کئے ہیں۔ اتنی رقم میں سے 13 ملین امریکیوں کو صحت کی دیکھ بھال کی کوریج اور خط افلاس سے نیچے رہنے والے بچوں کے لیے دو سال کی بنیادی تعلیم فراہم کر سکتے تھے۔ اس میں 280 ملین طلباء کے لیے پبلک کالج کے وظائف، 10 ملین سابق فوجیوں کے لیے 20 سال کی صحت کی دیکھ بھال کی کوریج اور 40 ملین صاف شفاف توانائی کی صنعت کے کارکنوں کے لیے 10 سال کی تنخواہ بھی شامل ہیں۔ (یو این آئی مشمولات کے ساتھ)