بیجنگ: چین کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ چین کے سابق صدر جیانگ زیمن بدھ کے روز 96 سال کی عمر میں بلڈ کینسر اور متعدد اعضاء کی ناکامی کے باعث انتقال کر گئے۔ ذرائع کے مطابق ان کے سوگ میں چینی پرچم سرنگوں کر دیا گیا۔ جیانگ زیمن 1993 سے 2003 تک چین کے صدر رہے، ان کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ وانگ یپنگ اور دو بیٹے ہیں۔Former Chinese President Dies
میڈیا رپورٹ کے مطابق جیانگ کا انتقال دوپہر 12:13 بجے اپنے آبائی شہر شنگھائی میں ہوا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے کہا کہ حکمران کمیونسٹ پارٹی، پارلیمنٹ، کابینہ اور فوج کی طرف سے چینی عوام کے نام ایک خط شائع کرتے ہوئے موت کا اعلان کیا گیا۔ خط میں لکھا گیا کہ یہ اعلان گہرے غم کے ساتھ کیا جارہا ہے کہ کامریڈ جیانگ زیمن کی موت ہماری پارٹی اور ہماری فوج اور تمام نسلی گروہوں کے لوگوں کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ خط میں سابق صدر کو ایک اعلیٰ وقار کے حامل رہنما، ایک عظیم مارکسسٹ، سیاست دان، فوجی حکمت عملی کا ماہر، سفارت کار اور ایک طویل آزمائشی کمیونسٹ جنگجو قرار دیا گیا۔
جیانگ کو 1989 میں جمہوریت کے حامی مظاہرین کے خلاف تیانمن اسکوائر کے خونی کریک ڈاؤن کے بعد چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کی سربراہی کے لیے گمنامی کی حالت سے نکال کر سامنے لایا گیا تھا، اور انھوں نے ملک کو خونی کریک ڈاؤن کے بعد کی سفارتی تنہائی سے باہر نکال دیا تھا، سابق صدر نے نہ صرف امریکا کے ساتھ تعلقات بلکہ بے مثال اقتصادی ترقی کی بھی نگرانی کی۔