ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے ہفتے کے روز کہا کہ وہ کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون سے متاثر ہوگئے ہیں۔ ان میں اومیکرون کی ہلکی علامات نظر آئی ہیں۔
اردغان نے ٹویٹ کیا ’’میں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ کورونا ٹیسٹ کروایا، جس کی رپورٹ آج پازیٹیو آئی۔ ہم میں اس کی کچھ ہلکی علامات نظر آئی تھیں۔ شکر ہے کہ ہم زیادہ بیمار نہیں ہوئے۔ ہم اومیکرون سے متاثر ہوئے ہیں‘‘۔
صدر نے یہ بھی بتایا کہ وہ اس دوران گھر سے کام جاری رکھیں گے۔
ترکی صدر کے کورونا پازیٹیو کی خبر سننے کے فورا بعد پاکستان کے وزیراعظم عمارن خان نے بھی ٹویٹ کرکے اپنے دوست کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
انھوں نے ٹویٹ کیا کہ مجھے ابھی ابھی برادرم رجب طیب اردوگان اور محترمہ ایمینہ اردوگان میں کوروناء وباء کی نئی قسم اومیکرون کی تشخیص کا علم ہوا ہے۔ میں، میری حکومت اور عوامِ پاکستان ان کی شفائے کاملہ و عاجلہ کے لیے دعاگو ہیں۔
اس کے بعد ترکی صدر نے بھی ٹویٹ کرکے اپنے دوست عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اردوغان نے ٹویٹ کیا ہے کہ میرے قیمتی دوست عمران خان، آپ کی نیک خواہشات کا شکریہ، ہم آپ کو، آپ کے خاندان اور پاکستان کے برادر لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔