عمان میں کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر طویل عرصہ سے بند کی گئی مختلف تجارتی سرگرمیوں کو شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سلطنت عمان میں مختلف کاروباروں کی ایک فہرست جاری کی گئی ہے، جنھیں قواعد وضوابط کے تحت دوبارہ کام کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔
ان سرگرمیوں میں کاروں کی ورکشاپز، برقی آلات، کمپیوٹر کی دکانیں اور چھاپہ خانے شامل ہیں۔ کرنسی کا کاروبار کرنے والی دکانوں کو بھی دوبارہ کھولا جارہا ہے۔
اس کے باوجو اس بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ ان کاروباری سرگرمیاں کو کب سے دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
بیان کے مطابق جن کاروباروں اور کاموں کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی جارہی ہے، ان کے نام یہ ہیں: کاروں کی ورکشاپز اور ان کے فاضل پرزہ جات کی دکانیں، مچھیروں کی کشتیوں کی مرمت اور فاضل پرزہ جات کی دکانیں، برقی آلات اور کمپیوٹر کی دکانیں، گھریلو آلات اور سیٹلائٹ ٹرانسمیشن کے آلات اور مرمت کی دکانیں۔
کاریں اور آلات کرائے پر دینے کا کاروبار کرنے والی دکانیں، اسٹیشنری کی دکانیں، پرنٹنگ کی دکانیں، تیل تبدیلی اور کار ٹائر شاپس اور منی ایکس چینج وغیرہ شامل ہیں۔
وزارت صحت نے کرونا وائرس کے 82 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے اور ملک میں اس مہلک وبا کا شکار افراد کی تعداد 2131 ہوگئی ہے۔
بیان کے مطابق ایک وقت میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے اصول کے تحت صرف دو گاہکوں کو دکان میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ نیز تمام کاروباری سرگرمیوں کے دوران میں صحت وصفائی کے اصولوں کی پیروی کی جانی چاہیے۔