امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے کہا ہے کہ 'امریکہ چینی حکومت اور کمیونسٹ پارٹی کے کچھ عہدیداروں پر ویزا پابندی عائد کرے گا، انہوں نے تبت میں چین پر انسانی حقوق کی پامالی کا بھی الزام عائد کیا۔
امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے اس بات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چین، تبت میں انسانی حقوق کی پامالی کا مرتکب ہے، انہوں نے کہا کہ امریکہ کچھ چینی عہدیداروں کے لیے ویزا پر پابندی لگائے گا کیونکہ بیجنگ امریکی سفارتی عملہ، صحافیوں اور سیاحوں کو اس خطے میں جانے سے روکتا ہے۔
پومپیو نے کہا کہ امریکہ تبتیوں کے لیے 'بامعنی خود مختاری' کی حمایت اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کے احترام کا پابند ہے۔
پومپیو نے عوامی جمہوریہ چین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا 'تبتی علاقوں تک رسائی علاقائی استحکام کے لیے بہت ہی ناگزیر ہے، یہاں چین انسانی حقوق کی پامالی کے ساتھ ساتھ ایشیا کے بڑے دریاؤں کے ندیوں کے قریب ماحولیاتی آلودگی کو روکنے میں ناکام ہے۔'
انہوں نے کہا 'آج میں چینی حکومت اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے عہدیداروں پر ویزا پابندیوں کا اعلان کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 'چینی حکومت تبتی علاقوں میں غیر ملکیوں کی رسائی سے متعلق پالیسیوں کی تشکیل یا عمل میں کافی حد تک شامل ہیں۔'
چین سے شروع ہونے والے کورونا وائرس وبائی مرض نے امریکہ کو سخت متاثر کیا ہے، اس کے بعد سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کافی تلخ ہوچکے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ نے بار بار بیجنگ پر الزام عائد کیا ہے کہ اس وباء کے بارے میں اس نے دنیا کو باخبر نہیں رکھا ہے اور حقائق کو چھپانے کی کوشش کی۔
پومپیو نے کہا کہ گزشتہ ہفتے چین نے ہانگ کانگ میں جو نیا سیکیورٹی قانون متعارف کرایا ہے وہ تمام اقوام کے لیے پریشانی کا باعث ہے، گزشتہ ہفتے امریکہ نے ہانگ کانگ میں ہوئے کریک ڈاؤن کے ذمہ دار عہدیداروں پر ویزا پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔