پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے تین لوگوں کو گولی مار کر قتل کر دیا ہے۔
پولس ترجمان نے بتایا کہ یہ واردات اسلام آباد کے بارہ کہو کے علاقے میں ہفتہ کی شب پیش آئی۔
ڈان خبر کے مطابق، ہلاک افراد کی شناخت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مفتی اکرام اللہ، ان کے 13 سالہ بیٹے سمیع الرحمٰن اور مدرسے کے ایک شاگرد حبیب اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ تینوں افراد مدرسے سے ملحقہ مفتی اکرام اللہ کی رہائش گاہ کے سامنے کھڑے تھے کہ ان پر حملہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: شامی مہاجرین کے کیمپ میں آتشزدگی، چار افراد ہلاک، 18 زخمی
پولیس نے یہ بھی کہا کہ واقعے کا کوئی عینی شاہد موجود نہیں اور جائے وقوع پر لوگوں کے آنے سے قبل ہی حملہ آور فرار ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ کسی بھی شخص یا تنظیم نے اب تک اس حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔ تمام پہلووں پر تحقیقات کے لیے دوکمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ 22 فروری کو پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں بھی فائرنگ کرکے چار رضاکار خواتین کا قتل کردیا گیا تھا۔