جب سے ترکی کے استنبول شہر میں واقع ایا صوفیا کو میوزیم سے مسجد میں تبدیل کیا گیا ہے، ناقدین مسلسل یہ سوال کر رہے ہیں کہ کیا ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کسی طویل منصوبے کے تحت کام کر رہے ہیں؟
ناقدین اس بات کو سمجھنے کی کوشش میں ہیں کہ کیا ترکی میں سیکولرزم کی بحالی ہو گی یا دوبارہ خلافت کو قائم کیا جائے گا۔
فرنٹیئر الائنس انٹرنیشنل کے صدر ڈالٹن تھامس کا کہنا ہے کہ رجب طیب اردگان واضح طور پر ترکی کو دوبارہ اسلامی ریاست بنانے کی بات کرتے ہیں۔
تھامس نے اپنے ٹوئٹ پیغام میں لکھا کہ 'اردگان واضح طور پر ترکی کو دوبارہ اسلامی ریاست بنانے کی بات کرتے ہیں۔ قدیم سرحدوں کی بحالی اور یروشلم کو فتح کرنا چاہتے ہیں۔ جب دنیا کورونا وائرس کے خمار سے نکلے گی تو ہمیں دوبارہ قائم شدہ خلافت کا سامنا کرنا ہو گا'۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ ترکی کی اسٹیٹ کاونسل کی جانب سے دیے گئے فیصلے کے بعد ایا صوفیا کو میوزیم سے مسجد میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ترکی میں سنہ 1517 عیسوی سے 1924 تک تقریبا 400 برس تک خلافت کا قیام تھا، لیکن جدید ترکی کے بانی مصطفی کمال اتاترک پاشا نے خلافت کو ختم کر دی تھی۔