امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے بھارت میں مقیم مامو جی بالا چندرن کی زندگی کو کورونا وائرس نے کافی متاثر کیا ہے۔ وہ 80 سال کے ہو چکے ہیں لیکن کورونا وائرس کے باعث بالکل اکیلے ہیں۔ عام دنوں میں خاندان کے دیگر لوگوں کے ساتھ وہ خوشی مناتے تھے لیکن وائرس نے ان کی زندگی کو ہی لاک ڈاؤن کر دیا ہے۔
بھارت میں کورونا وائرس کے بحران نے بائیڈن انتظامیہ کے لیے سفارتی اور دیگر چیلنجز پیدا کیے ہیں۔ ہیرس کے لیے یہ بھی ذاتی معاملہ ہے۔ کیونکہ ان کی والدہ کی پیدائش بھارت میں ہی ہوئی تھی اور وہ بچپن میں بھارت کے بہت سارے دوروں کے تجربے کے بارے میں جذباتی باتیں کرتی تھیں۔
بالاچندرن کا کہنا ہے کہ انہوں نے مارچ میں ہیریس سے بات کی تھی، جب امریکی نائب صدر نے انہیں سالگرہ کی مبارکباد کے لیے کال کی تھی۔
امریکی نائب صدر کملا ہیریس نے جمعہ کے روز کہا کہ بھارت کی فلاح و بہبود امریکہ کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ اور اس سے اموات دل دہلا دینے والی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ ضرورت کے وقت بھارت کی مدد کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ہیرس نے کہا کہ بحران کی اس گھڑی میں پوری سرکاری مشینری ملک کی مدد کے لیے کام کر رہی ہے۔