کینیڈا نے تقریبا پانچ ماہ کے بعد بھارت سے براہ راست پروازوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ہفتہ کو کئے گئے ٹویٹ میں کہا گیا کہ ’27 ستمبر سے بھارت سے راست پروازیں کینیڈا میں آسکتی ہیں۔ اس کے لیے صحت عامہ سے متعلق احتیاطی تدابیر اور دیگر اقدامات کو نافذ کیا جائے گا‘۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے کہا کہ مسافروں کو دہلی ہوائی اڈے کی ایک منظور شدہ لیبارٹری سے کووڈ 19 کی منفی رپورٹ حاصل کرنی ہوگی جبکہ یہ رپورٹ زیادہ سے زیادہ 18 گھنٹے پرانی ہونی چاہئے۔
اپریل میں کینیڈا نے بھارت سے آنے والی اور جانے والی تمام راست پروازوں پر پابندی لگا دی تھی۔ اس وقت ملک میں کووڈ 19 وبا کی دوسری لہر جاری تھی۔ بھارت سے براہ راست پروازوں کی اجازت دینے کی تاریخ کئی بار تبدیل کی گئی۔
عالمی برادری اقوام متحدہ کی موزونیت اور ساکھ کو بچائے: مودی
کینیڈا میں بھارت کے ہائی کمشنر اجے بساریہ نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطے کو معمول پر لانے کے لیے فیصلہ کن قدم ہے۔
ایئر کینیڈا کی توقع ہے کہ وہ 27 ستمبر کو بھارت سے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کرے گا جبکہ ایئر انڈیا 30 ستمبر سے کینیڈا کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کرے گا۔