نئی دہلی: کامیڈین راجو سریواستو کی حالت ایک بار پھر خراب ہوگئی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ وہ دہلی کے ایمس ہسپتال میں داخل ہیں۔ دراصل راجو سریواستو کو گزشتہ دنوں دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اُس وقت ان کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی لیکن چند دنوں بعد حالت میں بہتری آئی تھی لیکن ایک بار پھر سے ان کی صحت بگڑ گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس وقت ان کی حالت انتہائی نازک ہے اور ڈاکٹروں کی ٹیم مسلسل ان کی صحت کی نگرانی کر رہی ہے۔ Raju Srivastava Suffers Cardiac Attack
جب سے راجو سریواستو کو دل کا دورہ پڑا ہے، تب سے انہیں ہوش نہیں آیا ہے۔ ایم آر آئی میں نظر آنے والی انجری، کسی چوٹ کی وجہ سے نہیں بلکہ 10 اگست کو جم میں بیہوش ہونے کے بعد تقریباً 25 منٹ تک آکسیجن کی سپلائی رُک جانے کی وجہ سے ہوئی تھی۔ دل کا دورہ پڑنے سے راجو سریواستو کی نبض تقریباً بند ہو گئی تھی جس کے بعد دماغ کو آکسیجن کی سپلائی بند ہوگئی اور اسی وجہ سے دماغ کے ایک حصے کو نقصان ہوا ہے۔
واضح رہے کہ راجو سریواستو کو ہسپتال میں داخل ہوئے ایک ہفتہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن وہ ابھی تک ہوش میں نہیں آئے ہیں۔ ان کا دل اور نبض تقریباً معمول کے مطابق کام کر رہے تھے لیکن دماغ کے ایک حصے میں چوٹ کے نشانات ہیں۔ جمعہ 13 اگست کو راجو سریواستو کا ایم آر آئی کیا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ سر کے سب سے اوپری حصے کے برین پارٹ میں کچھ دھبے پائے گئے۔ ڈاکٹر ان جگہوں کو انجری بتا رہے ہیں۔