ستیہ، شول، گینگز آف واسے پور اور علی گڑھ جیسی فلمیں میں شاندار اداکاری کرنے والے اداکار منوج باجپائی کا ماننا ہے کہ وہ 'اسٹار' نہیں ہیں۔ انہوں نے امیتابھ بچن، سلمان خان اور شاہ رخ خان کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ 'اگرچہ شائقین ان کی کام کی عزت کرتے ہیں لیکن اصلی اسٹار سلمان، شاہ رخ اور امیتابھ ہیں۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں اس بات کا بھی حوالہ دیا کہ کیسے اتوار کے روز امیتابھ بچن کے گھر کے باہر ایک بڑی تعداد ان کی ایک جھلک پانے کے لیے انتظار کر رہی ہوتی ہے۔ Manoj Bajpayee on Stardom
اداکار منوج پاجپائی سے ایک انٹرویو میں جب یہ پوچھا گیا کہ 'وہ اسٹار ہونے پر کیسا محسوس کرتے ہیں'۔ آر جے سدھارتھ کنن کے ساتھ ایک انٹرویو میں منوج نے کہا کہ 'اسٹار پتہ ہے کیا ہوتا ہے، اسٹار ہوتا ہے بچن صاحب کے بنگلو سے کبھی کبھی گزرتا ہوں، راستہ جام ہوتا ہے۔ 80 سال کی عمر میں لوگ ان کو دیکھنے کے لیے اتوار کو بڑی تعداد میں کھڑے ہوتے ہیں۔ سلمان خان کو دیکھو لاٹھی چارج کرنا پڑ جاتا ہے۔ صرف اپنے بالکونی سے آکر ہاتھ ہلاتا ہے آدمی۔ شاہ رخ اپنے بالکونی میں آتا ہے اور کھڑا ہوتا ہے، یہ ہوتے ہیں اسٹارز'۔
واضح رہے کہ ہر اتوار کو امیتابھ بچن کے گھر جلسہ کے باہر ایک بہت بڑا ہجوم دیکھنے کو ملتا ہے۔ لوگ دور دور سے ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔ شاہ رخ خان بھی تمام اہم موقع پر اپنی رہائش گاہ منت کے باہر انتظار کر رہے اپنے سینکڑوں مداحوں سے ملتے ہیں۔ خاص طور پر پٹھان کی ریلیز سے پہلے اور ریلیز کے بعد سے وہ ہر ہفتہ مداحوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ سلمان خان اپنی سالگرہ اور خاص مواقع پر اپنے گلیکسی اپارٹمنٹ کی بالکونی میں آکر مداحوں سے ملتے ہیں۔ گزشتہ سال سلمان کی سالگرہ والے دن مداحوں کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ پولیس کو انہیں قابو میں کرنے کے لیے لاٹھی چارج کرنا پڑا تھا۔
منوج کہتے ہیں کہ لوگ ہمارے کام کی عزت کرتے ہیں لیکن جیسے ہی شاہ رخ خان اور سلمان اسکرین پر آتے ہیں ان کا ردعمل مختلف ہوجاتا ہے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ ' ہم لوگ کیا ہے، شائقین جو ہے وہ ہماری طرف آنکھ اٹھا کے عزت سے دیکھتی ہے اور کہتی ہے کہ بہت اچھا کام کرتے ہیں آپ، ہم آپ کی بہت فلمیں دیکھتے ہیں، جیسے ہی سلمان، شاہ رخ ہوتے ہیں تو شائقین کا جوش بڑھ جاتا ہے'۔
منوج باجپائی، جنہیں بہترین ہندوستانی اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے، رام گوپال ورما کی فلم ستیہ (1998) سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔ بعد میں انہوں نے مختلف طرح کی فلموں میں کام کیا، جن میں کون، شول، پنجر اور راج نیتی شامل ہیں۔ انہیں 2012 میں انوراگ کشیپ کے کرائم ڈرامہ گینگز آف واسے پور سے مزید شہرت ملی اور اس کے بعد انہوں نے کئی تنقیدی فلموں میں کام کیا، جن میں علی گڑھ اور اسپیشل 26 شامل ہیں۔ فیملی مین کی کامیابی کے بعد منوج جلد ہی ایک فیملی ڈرامہ گل موہر میں شرمیلا ٹیگور کے ساتھ نظر آئیں گے۔ راہول چٹیلہ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں شرمیلا ٹیگور، سمرن اور سورج شرما بھی مرکزی کردار میں ہیں۔ یہ 3 مارچ سے خصوصی طور پر ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر نشر ہونے کے لیے تیار ہے۔
مزید پڑھیں:Joram First Look جورم سے منوج باجپائی کی فرسٹ لک ریلیز