ریاست اترپردیش کے ضلع وارانسی کے للہ پورہ میں واقع تالاب پر بھائی دوج کے تہوار کے موقع پر گنگا جمنی تہذیب کا خوبصورت منظر دیکھنے کو ملا، یہاں پر سکندر علی ہندو بہنوں کی پوجا کے تمام انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ صفائی سے لے کر گووردھن بنانے کا بھی تمام کام کرتے ہیں۔
مسلم کمیونٹی کے لوگ 20 برسوں سے اس کام کو انجام دے رہے ہیں، یہاں پر ہندو اور مسلم میں کوئی تعصب دیکھائی نہیں دیتا ہے، خطے کا ہر فرد اس کام کی تعریف کرتا ہے، یہ علاقہ ہندو مسلم تنازعہ کے سائے سے بہت دور ہے۔
مقامی سکندر علی نے کہا کہ ہم ہندو اور مسلمان مل کر اس تہوار کو مناتے ہیں، میں گذشتہ 20 سالوں سے یہاں گووردھن بنا رہا ہوں، میں بھائی دوج کی تیاری کرتا ہوں، ہم اس پر یقین رکھتے ہیں کہ ہندو مسلمان سب کو اتحاد میں رہنا چاہئے۔
عقیدت مند جانکی پرجاپتی کا کہنا ہے کہ یہاں بھائی دوج کا تہوار منایا جارہا ہے، یہ پوجا بھائی کی طویل زندگی کے لیے کی جاتی ہے، اس دوران دو طرح کی کہانی سنی جاتی ہے، خدا کی خواہش ہے کہ بھائی لمبی زندگی بسر کرے اور صحت مند رہے۔
بھائی دوج ہر برس کارتک کی دوسری تاریخ کو منایا جاتا ہے، جس میں بہنیں پوجا اور کتھا وغیرہ کرکے بھائی کو لمبی عمر کی تمنا کرتی ہیں۔
اس دوران خواتین نے ضلع کے مختلف تالابوں کے قریب گووردھن بناکر پوجا کرتی ہیں اور سوتی اور بیسن کی مالا تیار کرتی ہیں، یہ خیال کیا جاتا ہے کہ مالا جتنا طویل ہوگا بھائی کی عمر بھی اتنی ہی طویل ہوگی۔