"تو نہ جا میرے بادشاہ ایک وعدے کے لیے "Tu Aaja mere badshah, eek wade ke liye آنندبخشی کے لکھے گئے اس خوبصورت گیت کو تقریباً ہر کسی نے محمد عزیز اور الکا یاگنک کی آوازوں میں کئی بار سننا ہی ہوگا۔ لیکن عدنان اور اقبال نے اپنی جگل بندی سے" خدا گواہ" فلم کے اس نغمے کو رباب اور سارنگی پر ایسے پیرویا کہ ہر ایک سننے اور دیکھنے والا واہ واہ کرتا رہا۔
دراصل وادیٔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے اقبال احمد شاہ اور عدنان منظور نے حال ہی میں رئیلٹی شو 'ہنر باز' Reality Show Hunar Baaz میں سارنگی اور رباب کے سنگم سے " تو نہ جا میرے بادشاہ ایک وعدے کے لیے" کو منفرد انداز میں پیش کر کے ایسا سماں باندھا کہ شو میں موجود جج صاحبان اور دیگر حاضرین عش عش کرتے رہ گئے۔
عدنان اور اقبال کے بہترین فنی مظاہرے Kashmiri Artists Adnan & Iqbal سے نہ صرف شو کے جج کرن جوہر، پرینیتی چوپڑا اور میتھن چکروتی بے حد متاثر ہوئے بلکہ سوشل میڈیا پر بھی عدنان اور اقبال کی کافی تعریفیں ہورہی ہیں۔
عدنان اور اقبال کو اس منزل تک پہنچنے کی خاطر جدوجہد کے دوران کئی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، تاہم انہوں نے ہمت اور حوصلہ کا دامن نہیں چوڑا۔
یہ ہنر باز کہتے ہیں کہ انہوں نے یوٹیوب پر" بہار" کے نام سے ایک ویڈیو اپلوڈ کیا تھا۔ اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد رائلٹی شو کے منتظمین نے انہیں رابطہ کیا۔
شو میں اپنی صلاحیت دیکھنے کے لیے انہیں آڈیشن بھی ہوا۔ آڈیشز میں کامیابی کے بعد پھر پرفارمنس کے لیے ممبئی بلایا گیا۔ جو کہ ان کے لیے ایک خواب سے کم نہ تھا۔
- یہ بھی پڑھیں:کشمیر میں تیزی سے مقبول ہورہا ہے ڈاؤن ٹاؤن گیت
عدنان منظور کا تعلق ضلع سرینگر کے بمنہ علاقے سے ہے جب کہ اقبال احمد شاہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے آنچی ڈورہ کے رہنے والے ہیں۔
عدنان منظور 15 برس کی عمر سے ہی موسیقی کے آلات بجاتے آئے ہیں اور رباب میں ان کی خاصی دلچسپی رہی ہے۔ عدنان اپنی فنی صلاحیت سے رباب پر کشمیری سے لے کر بالی ووڈ گیتوں کی دھند اتنی باریکی اور خوبصورتی سے پیش کرتے ہیں کہ دیکھنے والا دیکھتا ہی رہ جاتا ہے۔
اقبال سنگیت گھرانے سے ہی تعلق رکھتا ہے اور اس نے اپنے والد کی رہبری اور رہنمائی میں ہی سارنگی کو بجانا سیکھا ہے اور آج یہ بڑی مہارت کے ساتھ کشمیری سارنگی کے تاروں پر الگ الگ نغموں کو بڑی مہارت کے ساتھ پیش کرتے ہیں۔
عدنان اور اقبال کشمیر کی روایتی موسیقی کو نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح تک پہنچانےکی خواہش رکھتے ہیں۔
واضح رہے رباب افغانی ساز ہے جب کہ سارنگی روایتی کشمیری موسیقی کا ایک اہم آلہ ہے۔