مرکزی وزیر پیوش گوئل نے پیر کے روز پہلگام کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالوں کا معائنہ کیا جن میں جانوروں کی پرورش، ڈسٹرکٹ انڈسٹریز، آئی سی ڈی ایس، سوشل ویلفیئر، ہارٹیکلچر، ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹس کا شعبہ شامل ہے۔
اس موقع پر یونین ڈیولپمنٹ کمشنر ہینڈی کرافٹس، شانت مانو پرنسپل سیکرٹری صنعت و تجارت، رنجن پی ٹھاکر، کمشنر سیکرٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے، زبیر احمد، ڈی ڈی سی چیئرمین اننت ناگ، ڈی سی اننت ناگ اور ضلع انتظامیہ کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔
پیوش گوئل نے اسٹالوں پر مختلف عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈسپلے پر موجود مختلف مصنوعات کامختصر جائزہ لیا۔ انہوں نے ان مصنوعات کی پیداوار کے حوالے سے بھی استفسار کیا۔ انہوں نے خاص طور پر ایسی مصنوعات کو فروغ دینے پر زور دیا جو کشمیر کے برآمدات میں اضافہ کرسکیں۔
انہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ مقامی کاروباریوں اور کاریگروں کو پیداوار بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے۔
مرکزی وزیر نے حال ہی میں منتخب ہوئے پی آر آئی ممبران کے وفود سے ملاقات کی جنہوں نے وزیر کو منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے عمل میں ان کی فعال شرکت سے آگاہ کیا۔
وفد نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے ترقیاتی فیصلوں میں انہیں شامل کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ گوئل نے وادی کے صنعت کاروں کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی۔ صنعت کاروں نے وزیر کو مقامی مسائل سے آگاہ کیا جو مختلف صنعتوں کو درپیش ہیں۔ کشمیری شالوں کی برآمد میں رکاوٹوں پر مکمل گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر نئے صنعتی پیکیج کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور پیکیج کو موجودہ صنعتی یونٹس تک بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر نے وفد کو مقامی صنعتوں کے فروغ کے لیے مرکزی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شالوں کی برآمد میں درپیش رکاوٹوں پر فوری کارروائی کرتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ وہ سرینگر اور دہلی ہوائی اڈے پر ٹیسٹنگ سہولیات قائم کریں۔ جبکہ مقامی ٹیسٹنگ سہولیات کو جدید ترین مشینوں کے ساتھ اپ گریڈ کریں۔
مزید پڑھیں: گورنری کے میرے دور میں عسکریت پسند سری نگر میں داخل نہیں ہوسکے تھے: ستیہ پال ملِک
انہوں نے ایک کارپٹ ولیج کے قیام کی بھی تجویز پیش کی جو سیاحوں کے لیے مقامی کرافٹ کے ایک نمائشی مرکز کے طور پر کام کرے گا اور قالین کی مقامی صنعت کو عالمی سطح پر فروغ دے گا۔