شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں سرحدی اور پہاڑی علاقہ گریز کو زمینی رابطے سے وادی کے ساتھ ملانی والی شاہراہ سردیوں میں خراب موسم اور برف باری کی وجہ سے بند رہتی ہے۔
بارڈر روڈس آرگنائزیشن کے جی او سی میجر جنرل جے بی چودھری نے پیر کو ہری جھندی دکھا کر گاڑیوں کو یہاں سے روانہ کیا۔
اس موقعے پر بیکن کے جی او سی نے فوجی جوانوں کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’ان کے تعاون سے ہی ہم اس بار اس روڈ کو اتنی جلدی آمد رفت کے قابل بنانے میں کامیاب رہے۔‘‘
اس سال کافی برفباری کے باعث عام تاثر یہ تھا کہ گیارہ ہزار پانچ سوفٹ کی بلندی پر واقع رازدان پاس کو بحال ہونے میں کافی وقت صرف ہوگا۔
تاہم متعلقہ حکام کی کافی محنت ومشقت کے بعد انتہائی اہمیت کے حامل اس روڈ کو کھولے جانے کی وجہ سے عام لوگوں نے کافی مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقعے پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران کمانڈنگ افسر بیکن بانڈی پورہ، لیفٹیننٹ کرنل اے پی ایس کھایا، چیف انجینئر بیکن جے کے دیویدی کے علاوہ بیکن اور ضلع انتظامیہ کے کئی افسران کے ساتھ ساتھ آرمی اور گریز سے تعلق رکھنے والے شہری بھی موجود تھے۔