سرینگر میں واقع شہرِ خاص کے باباڈیمب علاقے میں کباڑی مارکیٹ کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ اس مارکیٹ میں تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والی تمام چیزیں نہایت ہی مناسب داموں دستیاب ہوتی ہیں۔
باباڈیمب علاقے میں قائم کباڑی مارکیٹ سے متعدد گھروں کا چولا جلتا ہے جس میں ترکان، ٹھیکیدار، دکاندار، ڈرائیور وغیرہ بھی شامل ہیں۔
وہیں سہارنپور سے آنے والے 100 سے زائد کاریگر یہاں ووڈکارونگ کا کام کرتے ہیں۔ اس مارکیٹ میں لکڑی کی سبھی اقسام کی علاوہ اینٹ، پتھر، دروازے،کھڑکیاں اور دوسری اہم چیزیں رعایتی داموں پر دستیات ہیں۔
عبدالرحیم اینتو نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'اس کاروبار کے ساتھ مجھے تقریباً 25 برس ہوئے۔ ہم اس مارکیٹ میں تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والی ضرورت کی چیزیں بیچتے ہیں۔ ہم پرانے مکانوں سے تین قسم کی لکڑی نکالتے ہیں جس میں کائرو، بدل اور دیودار قابل ذکر ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'ہمارے اس مارکیٹ میں زیادہ تر غریب طبقے سے وابستہ لوگ خریداری کرتے ہیں۔ سرکاری عمارتوں کی تعمیر و تجدید کے لئے ہم سے ٹھیکیدار کافی مقدار میں لکڑی خریدتے ہیں'۔
بیس برسوں سے کباڑ کا کام کرتے آئے عاشق حسین لنگو کا کہنا ہے کہ 'ہم باباڈیمب علاقے میں اب 20 سے زائد دکاندار صرف لکڑی کی خرید و فروخت کرتے ہیں۔ یہ ہمارا روزمرہ کا کام ہے جس سے ہم اپنی روزی روٹی کماتے ہیں۔ ہم پرانے مکانوں سے قابلِ استعمال چیزیں نکالتے ہیں اور پھر ان کو دوبارہ استعمال کے لائق بناتے ہیں۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر میں چونکہ حالات خراب رہے جس سے سیاحت، ٹرانسپورٹ اور تجارت کو شدید نقصان اٹھانا پڑا مگر رب کی برکت سے ہمارا کاروبار اچھا چل رہا ہے۔