وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں بھی کل دوسرے مرحلے کے لئے انتخابات منعقد کئے جا رہے ہیں جس میں بیروہ اور کھاگ حلقے میں رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے جن میں 05 امیدوار بیروہ سے اور 09 کھاگ سے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت نے بیروہ حلقہ سے پی ڈی ایف کے امیدوار جاوید حسین بیگ سے بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ میں اپنے حلقے کے ہر گاؤں میں لوگوں سے ووٹ دینے کی اپیل کی اور مجھے یقین ہے کہ عوام ہمارا ساتھ دیگی کیونکہ میں بیروہ حلقے میں ہی نہیں بلکہ پورے علاقے میں سیاست میں قدم رکھنے سے قبل خدمت خلق کے طور پر کام کر رہا تھا اور میرے ساتھ نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد بھی تھی جو ان فلاحی کاموں کو انجام دینے میں میرے شانہ بہ شانہ کھڑی تھی۔
جاوید احمد نے بی جے پی کو ایک فرقہ پرست پارٹی قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ آزاد امیدواروں کو پیسے دے کر انتخابات میں اُتار رہی ہے جبکہ زمینی سطح پر یہاں کی عوام ان کی حمایت نہیں کرے گی۔
مزید پڑھیں:
پلوامہ: انتخابی عمل کو ناکام بنانے کے الزام میں چار ملازمین معطل
جاوید حسین نے مزید بتایا کہ میں سیاست میں اسی لئے آیا ہوں تاکہ بیروہ میں تعمیر و ترقی کا کام ہو کیونکہ اس سے پہلے بیروہ سے سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس سے قبل پی ڈی پی کے آنجہانی رہنما سرفراز احمد خان اور محمد شفیع نے کامیابی حاصل کی تھی مگر تعمیر و ترقی کا کہیں پر نام و نشان نہیں ہے۔
انہوں نےکہا کہ' بیروہ حلقہ کو میں خانصاحب کی طرح بنانا چاہتا ہوں جہاں پر پی ڈی ایف کے سربراہ حکیم محمد یاسین شاہ نے اپنے حلقہ میں تعمیر و ترقی کو اولین ترجیح دی اور وہ دوسروں کے لئے ایک مثال بنے۔ لہذا میں بھی بیروہ میں اسی طرح سے تعمیر و ترقی کو اولین ترجیح دے کر عوام کی مشکلات کا ازالہ کرنے کی کوشش کرونگا۔