ریاست اترپردیش کے ضلع امروہہ کے کوتوالی علاقے کے محلہ قاضی زادہ کی رہائشی بین الاقوامی شہرت یافتہ معروف شاعرہ نکہت امروہوی نے بتایا کہ 'دو برس قبل ایک مشاعرہ کے دوران بہار کے چنداوا تھانہ مشہری ضلع مظفر پور کے رہائشی شاعر سے ملاقات ہوئی۔ مشاعرہ کے دوران نکہت امروہوی نے اس سے لکھنؤ میں ایک گھر خریدنے کی بات کہی'۔
نکہت امروہوی کے مطابق' اس نے لکھنؤ میں ایک مکان دلانے کے نام پر ان سے چھ لاکھ روپے لئے۔ ان میں سے کچھ رقم نکہت نے اپنے اکاؤنٹ سے ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کی اور بقیہ کیش انہیں دیا۔ پھر پیسے ملنے کے بعد نکہت امروہوی کو نہ تو مکان ملا اور نہ ہی رقم واپس ملی۔ اس معاملے کے بعد دونوں کے مابین تنازع بڑھ گیا۔ اسی دوران علی عباس نے ایک باؤنس چیک نکہت کے حوالے کیا۔ بعد میں اس نے نکہت امروہوی کا آفیشل فیس بک پیج ہیک کیا اور قابل اعتراض تبصرے شیئر کیے'۔
مزید پڑھیں: سہارنپور: غذائی اشیا میں ملاوٹ کے خلاف حکومت کی مہم
شاعرہ نکہت امروہوی کے مطابق اس پورے معاملہ کی شکایت انہوں نے اس وقت کے ایس پی ڈاکٹر وپن ٹڈا سے کی تھی۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کی تھی۔ تب سے ملزم فرار تھا۔ علی عباس کو اب پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم شاعر کی گرفتاری پر نکہت امروہوی نے پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے'۔