تاہم خود بہار حکومت اپنی سطح پر کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
وزیراعلی نتیش کمار، غریبوں کے بینک اکاؤنٹس میں ایک ہزار روپے کی امدادی رقم جمع کرا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ دوسری ریاستوں میں پھنسے بہار کے لوگوں کی مدد کرنے کے تعلق سے بھی وہ بہت سنجیدہ ہیں۔
بہار حکومت کورونا وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے 2 ہزار کروڑ روپئے خرچ کرسکتی ہے۔ ایسی صورتحال میں مرکزی حکومت کی جانب سے حاصل ہونے والی مدد سے بہار حکومت کو کورونا وائرس سے نمٹنے میں بڑی مدد ملے گی۔
ریاست میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے موصول ہونے والی رقومات سے اشیائے ضروریہ خریدی جا سکیں گی۔ تاہم بہار میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کے کنبے کو 4 لاکھ کا معاوضہ بھی دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ڈیزاسٹر مینیجمینٹ کے تحت ملنے والی رقم میں سے 25 فیصد رقم بہارحکومت خرچ کرتی ہے اور 75 فیصد رقم مرکز سے ملتی ہے۔
جمعہ کے روز مرکزی حکومت نے کورونا وبا سے نمٹنے والی ریاست کو امدادی رقم جاری کر دی ہے۔ ریاستی آفت کے محکمہ 'ایس ڈی آر ایف' کے تحت بہار کو 708 کروڑ روپے کی امدادی رقم جاری کی گئی ہے۔
عام طور پر ریاستوں کو مالی سال کے آغاز کے 2 سے 3 ماہ بعد ہی یہ راحت پیکیج جاری کیا جاتا ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے جب مرکز نے مالی سال کے آغاز کے تیسرے روز ہی یہ رقم جاری کر دی ہے۔