کانگریس نے سابق کانگریس صدر راہل گاندھی کے متعلق راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما شیوانند تیواری کے بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس رہنما طارق انور نے کہا کہ شیوانند ایک سینئر رہنما ہیں اور انہیں اس طرح کا بیان دینے سے پہلے سوچنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس آر جے ڈی کی طرح نہیں ہے۔ راشٹریہ جنتا دل ایک علاقائی پارٹی ہے اور اس کے رہنما وہیں تک محدود رہتے ہیں۔
کارنگریس رہنما نے کہا کہ راہل گاندھی نے کہا تھا کہ جب بھی ضرورت ہوگی وہ بہار آئیں گے۔ ضرورت پڑنے پر انہوں نے یہ کام بھی کیا۔ وہ آر جے ڈی رہنماؤں کی طرح کام نہیں کرسکتے ہیں۔
واضح ہو کہ آر جے ڈی رہنما شیوانند تیواری نے کہا تھا کہ "گرینڈ الائنس کو کانگریس لے ڈوبی، کانگریس نے 70 امیدوار کھڑے کیے لیکن 70 انتخابی ریلیاں نہیں ہوئیں، بہار کی انتخابی مہم کے دوران راہل گاندھی صرف تین دن آئے تھے، پرینکا گاندھی نہیں آئیں، جنہیں بہار کی زمینی حقیقت کا بھی پتہ نہیں تھا، انہیں انتخابی مہم کے لئے بھیجا گیا تھا، یہ درست نہیں ہے۔ ''
بہار اسمبلی انتخابات میں آر جے ڈی، کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کا عظیم اتحاد 110 نشستوں پر محدود ہو کر رہ گیا۔
کانگریس نے 70 نشستوں پر امیدوار اتارے لیکن صرف 19 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ آر جے ڈی 75 نشستوں کے ساتھ واحد سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری اور بائیں بازوں کی جماعتوں نے بھی نمایاں سیٹیں حاصل کیں۔ تیواری نے کہا تھا کہ نہ صرف بہار بلکہ دیگر ریاستوں میں بھی کانگریس زیادہ سے زیادہ نشستوں پر مقابلہ کرنے پر اصرار کرتی ہے لیکن نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہتی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ "جب انتخابات عروج پر تھے راہل گاندھی شملہ میں پریانکا کے گھر پر پکنک منانے میں مصروف تھے۔ کیا پارٹی اس طرح چلتی ہے؟''