بہار اسمبلی انتخابات میں ایل جے پی کے رہنما چراغ پاسوان مسلسل بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار پر بدعنوانی کا الزام لگارہے ہیں، چراغ پاسوان نے پریس کانفرنس میں نتیش کمار کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے وزیراعظم کے اشاروں پر کام کرنے والا کہا جارہا ہے، ایسے میں مجھے جمورا تک کہا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ مجھے جمورا کہہ رہے ہیں تو آپ وزیر اعظم کی توہین کررہے ہیں، کیونکہ اگر میں جمورا ہوں تو مداری کون ہے۔
چراغ پاسوان نے کہا کہ 7 نشچئے اسکیم میں کی گئی بدعنوانی کے چرچے چاروں طرف ہے، بہار کا سب سے بڑا گھوٹالہ 7 نشچئے یوجنا میں ہوا ہے۔ اسکیم میں ہوئی بدعنوانی میں 40 فیصد کمیشن گیا ہے۔
چراغ نے کہا کہ نتیش حکومت میں ہوئی بدعنوانی کی تحقیقات کی بات کرنے کے بعد ہی ان کی بےچینی بڑھ گئی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ناک کے نیچے بدعنوانی ہوتی رہی اور انھیں پتہ تک نہیں چلا۔
چراغ نے کہا کہ ایک سابق وزیراعلیٰ پہلے سے جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں، اگر آپ بھی بدعنوانی کر رہے ہیں تو آپ بھی جلد ہی جیل کی سزا کاٹیں گے۔
چراغ پاسوان نے مزید کہا کہ بہار میں شراب پر پابندی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، بہار میں گھروں میں شراب کی ہوم ڈیلیوری کی جارہی ہے، پہلے شراب کی فروخت سے محصول آتا تھا لیکن اب شراب بلیک میں فروخت ہو رہا ہے۔
چراغ نے کہا کہ ہم سیتامڑھی میں ماتا سیتا کا ایک عظیم الشان مندر تعمیر کریں گے، ہمارے لیے یہ خواتین کی عزت نفس کی علامت بھی ہوگی۔ایودھیا اور سیتامڑھی کے درمیان سیارام نامی ایک راہداری تعمیر کی جائے گی، ریاست میں مندر کی تعمیر سے سیاحت میں بھی اضافہ ہوگا اور لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔