پٹنہ: وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جمعرات کو اپنے کابینہ وزراء اور سینیئر افسران کے ساتھ ریاست میں جاری لاک ڈاﺅن کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اسے 25 مئی 2021 تک بڑھانے کا فیصلہ لیا ہے۔ اجلاس کے بعد ریاست کے چیف سکریٹری ایس کے سنگھل، ایڈیشنل چیف سکریٹری چیتنیہ پرساد، صحت اور آفات مینیجمنٹ محکمہ کے پرنسپل سکریٹری پرتیہ امرت اور اطلاعات و رابطہ عامہ کے سکریٹری انوپم کمار نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا کی صورتحال پر کل اور آج اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ منعقد کی گئی جس میں لاک ڈاﺅن کے دوران انفیکشن میں آئی کمی کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کی مدت کو آئندہ دس دنوں کے لیے 15 مئی سے 25 مئی تک بڑھانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
چیف سکریٹری نے کہا کہ گذشتہ مرتبہ جب 04 مئی کو 10 دنوں کے لیے 05 مئی سے 15 مئی 2021 تک لاک ڈاﺅن لگانے کا فیصلہ کیا تھا تو اس وقت اس مدت میں کن کاموں کی اجازت ہوگی اور کن کی نہیں، اس کے متعلق رہنماء اصول جاری کیے گئے تھے جبکہ اس بار حالات کو دیکھتے ہوئے کچھ ترمیمات کی گئی ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ اب شادی کی تقریب میں پچاس لوگوں کے بجائے زیادہ سے زیادہ بیس لوگوں کے ساتھ ہی پروگرام کو منعقد کرنے کی اجازت ہوگی، لیکن اس میں ڈی جے اور بارات جلوس کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شادی سے قبل اطلاع مقامی تھانے کو کم از کم تین دن قبل دینی ہوگی۔ وہیں آخری رسومات اور شرادھ پروگرام کے لیے بیس لوگوں کی حد متعین کی گئی ہے۔