فزیکل ایجوکیشن فاؤنڈیشن آف انڈیا (پیفی) کو ملک میں جسمانی تعلیم اور کھیلوں میں نمایاں کام کرنے پر سال 2020 کا کے آئی ای ٹی (KIET) اسپورٹس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
کے آئی ای ٹی گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام افتتاحی تقریب کے دوران منعقدہ ایوارڈ تقریب میں مختلف کھیلوں سے وابستہ شخصیات کو مختلف زمروں میں اعزاز سے نوازا گیا۔
فزیکل ایجوکیشن فاؤنڈیشن آف انڈیا (پیفئ) کو جسمانی تعلیم اور کھیلوں کے فروغ کے لئے بہترین این جی او کے زمرے میں نوازا گیا ہے۔
اس موقع پر مشہور تیر انداز ارجن اور پدمشری ایوارڈی لمبارم، باسکٹ بال سے پدمشری پرشانتی سنگھ، دیویہ سنگھ اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی، کوچ اور کھیل صحافی موجود تھے۔
اعزاز حاصل کرنے کے بعد ہندوستان کے فزیکل ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیفی) کے نیشنل سکریٹری ڈاکٹر پیوش جین نے کہا کہ اگر ملک میں کھیلوں کو ترقی دلانا ہے تو اسکول کی سطح سے ہی جسمانی تعلیم کو اہمیت دینی ہوگی، آج جسمانی اساتذہ اور اسکول کو وہ اعزاز نہیں ملتا جس کے وہ مستحق ہیں اگر پورے ملک کی تمام ریاستی حکومتیں جسمانی تعلیم اور اساتذہ کو اہمیت دیں تو ملک کو کھیلوں کا سپر پاور بننے سے کوئی بھی روک نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ آج فزیکل ایجوکیشن اور اسپورٹس سائنس کے نئے شعبے کو آگے لائیں اور ان میں تحقیق کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔ آج بھی اسپورٹس سائنس کے بہت سے شعبے ایسے ہیں جن میں روزگار کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جیسے اسپورٹس انجینئرنگ، اسپورٹس فزیولوجی ، اسپورٹس ٹکنالوجی وغیرہ۔ آج بھی ہم کھیلوں کے ان شعبوں کے لیے بیرونی ممالک پر انحصار کرتے ہیں۔
اس موقع پر قومی جوائنٹ سکریٹری ترون کمار، راجن پانڈے، پونیت کمار اور ببلو مان موجود تھے۔