پورا ہندوستان کورونا وبا سے لڑ رہا ہے۔ اس ملک میں اس بیماری سے بچنے کے لئے 17 مئی تک لاک ڈاؤن ہے۔ عوام کو گھروں میں بند کر دیا گیا ہے۔ باہر نکلنے پر کورونا کا خوف اور اگر مزید آگے بڑھے تو پولیس کے ڈنڈے۔ پہلے شراب کی دکانیں کھولیں، جہاں سوشل ڈسٹینسنگ اور لاک ڈاؤن کو مسلسل نظر انداز کیا گیا۔ اب نوئیڈا میں ضلعی انتظامیہ نے ضروری خدمات دوبارہ شروع کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
اس کے تحت 180 صنعتی یونٹوں کو کام کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ نوئیڈا اتھارٹی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ریتو مہیشوری کے مطابق نوئیڈا اتھارٹی کے صنعتی محکمہ میں تقریبا 1800 صنعتی یونٹوں نے منگل تک آپریشن کے لئے درخواست دی تھی۔ جن میں سے 180 یونٹوں کو اجازت دی گئی ہے۔ 120 یونٹوں کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ بقیہ درخواستوں کو اب این او سی دینے کے ہدایت نامے کے مطابق جانچ کی جارہی ہے۔