ملک گیر لاک ڈاؤن کے درمیان مہاجر مزدوروں کا اپنے آبائی وطن کی طرف پیدل سفر جاری ہے۔ اس پیدل سفر میں انہیں کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔ اس درمیان مزدور مختلف طرح کے حادثات کا شکار بھی ہو رہے ہیں۔ جبکہ ٹرک اور دیگر مال بردار گاڑیوں کے ذریعے سفر کر کے گھر جانے والے مزدور دھوکہ دہی کے بھی شکار ہو رہے ہیں۔
اسی طرح کا ایک معاملہ ممبئی کے کاندیولی سے اترپردیش کے ضلع جونپور جانے والے مزدوروں کے ٹرک کے ساتھ بھیونڈی کے نزدیک امباڑی میں پیش آیا جہاں مزدوروں سے بھرا ٹرک حادثے کا شکار ہوگیا۔ غنیمت یہ رہی کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حادثہ کے بعد ٹرک مالک نے سبھی مزدوروں کو دوسرے ٹرک پر سوار کرادیا۔ وہیں مذکورہ ٹرک ڈرائیور نے کرایہ نہ ملنے پر ٹرک کو ممبئی ناسک شاہراہ پر روک دیا۔
مزدوروں کے مطابق ٹرک مالکان مزدوروں کا زبردست استحصال کررہے ہیں، 40 مزدوروں کو لے جانے کا وعدہ کرکے 70 سے 80 مزدور ٹرک میں بھر رہے ہیں۔ لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دھوکہ دہی کے معاملات بھی زوروں پر ہے۔
اطلاع ملتے ہی بھیونڈی کے سماجی کارکنان موقعے واردات پر پہنچے اور انہیں کھانا فراہم کیا گیا، مزید انہوں نے اس ضمن میں پولیس کو اطلاع دی، پولیس اور سماجی کارکنان نے معاملے کو حل کرتے ہوئے مزدوروں 27 گھنٹے بعد دوبارہ اسی ٹرک سے روانہ کیا۔