بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی فلم 'انشااللہ' میں کام کرنے والے تھے، لیکن اب انہوں نے یہ فلم چھوڑ دی ہے۔
حالانکہ سلمان نے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم چھوڑتے ہوئے یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ اگلے برس بھی عید کے موقع پر ان کی فلم ریلیز ہوگی، اب انہوں نے 'رادھے' نام کی فلم سائن کی ہے۔
ایسا کہا جارہا ہے کہ 'دبنگ، 3' کے بعد سلمان خان کی اگلی فلم رادھے ہوگی، جو سنہ 2020 میں عید کے موقع پر ریلیز ہوگی۔
خیال رہے کہ فلم کی ہدایت کاری بھی پربھودیوا ہی کریں گے جو دبنگ، 3 کے شوٹ اور پوسٹ پروڈکشن کے ساتھ رادھے کے پری پروڈکشن کا بھی کام دیکھ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ فلم رادھے ایک کوریائی فلم کا آفیشیل اڈپشن ہے۔ پروڈیوسرز نے کوریائی فلم کے نام کو خفیہ رکھا ہے جس کے رائٹس انہوں نے خرید لیے ہیں، وہ پربھودیوا اور سلمان خان کے ساتھ مشترکہ طور پر اسکرپٹ کو فائنل ٹچ دے رہے ہیں، جبکہ فلم کا باضابطہ اعلان ابھی نہیں ہوا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سلمان خان نے سنہ 2003 میں آئی فلم 'تیرے نام' میں رادھے کا کردار نبھایا تھا اس کے علاوہ انہوں نے سنہ 2009 میں آنے والی ایکشن فلم 'وانٹیڈ' میں بھی رادھے کا کردار ادا کرچکے ہیں۔