اورنگ آباد میں آج دو مریضوں کی جانچ رپورٹ مثبت آنے کے بعد یہاں اب مصدقہ مریضوں کی تعداد 40 پر پہنچ چکی ہے جو قابل تشویش ہے۔
ان 40 مریضوں میں سے 5 لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 16 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں اور 19 مریض زیر علاج ہیں۔
اب تک محفوظ ضلع ناندیڑ میں بھی 65 سالہ بزرگ کی رپورٹ مثبت پائی گئی جس کے بعد یہاں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور اس شخص سے ربط میں آئے ہوئے 50 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جبکہ 75 ہزار افراد کا سروے کیا جائے گا۔
اورنگ آباد ڈویژن کے آٹھوں اضلاع میں اب مصدقہ مریضوں کی تعداد 62 ہو چکی ہے جن میں اورنگ آباد میں 40، جالنہ میں 2، پربھنی میں ایک، ہنگولی میں 7، ناندیڑ میں ایک، لاتور میں 8 اور عثمان آباد میں 3 شامل ہیں۔ ان میں سے 27 مریضوں کو صحتیاب ہونے کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔