ریاست اترپردیش کے ضلع مرادآباد میں ممبئی سے شراب خانوں میں رقص کرنے والی کچھ خواتین کو ان کے گھر لایا گیا اور یہاں انہیں ایم آئی ٹی کالج میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔
مرادآباد سول لائن میں واقع اس قرنطینہ میں دیر رات رقصاؤں نے شراب کی مانگ کو لےکر خوب ہنگامہ مچایا، گانے پر رقص کیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں شراب مہیاکرائی جائیں بصورت دیگر انہیں گھر بھیج دیا جائے۔ ہنگامے کی اطلاع پر خواتین پولیس اہلکاروں کو موقع پر بھیج دیا گیا جس کے بعد ہنگامہ کرنے والی رقصائیں خاموش ہو گئیں۔ ممبئی سے واپس آنے والی ان ڈانسرز میں کورونا وائرس مثبت پایا گیا جس کے سبب انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ چار روز قبل ممبئی سے مرادآباد آرہے مہاجر مزدوروں سے بھرے ایک ٹرک میں ممبئی میں بار ڈانسر کی حیثیت سے کام کرنے والی خواتین اور لڑکیاں بھی شامل تھیں۔ مرادآباد کے آدرش کالونی میں رہنے والے ان افراد کی جانچ گئی تو تین خواتین اور دو مرد کورونا مثبت پایا گیا۔ جس کے سبب ان تمام افراد کو قرنطینہ بھیج دیا گیا۔
قرنطینہ میں شام ہوتے ہی ڈانسرز خواتین نے میڈیکل اسٹاف سے بیئر کا مطالبہ کرنا شروع کردیا اور مطالبہ پورا نہ ہونے پر قرنطینہ میں فلمی گانوں پر رقص کرنا شروع کردیا۔خواتین میڈیکل اسٹاف کے سمجھانے پر بھی وہ باز نہیں آئیں تو پولیس کو اس سے مطلع کیا گیا ۔
سول لائن پولیس اسٹیشن سے خواتین پولیس اہلکاروں کو موقع پر بھیج دیا گیا، جس کے بعد ان رقص کرنے والی خواتین نے ہنگامہ ختم کیا۔ ان خواتین کے ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔
ایم آئی ٹی کالج میں خواتین کی ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے اور خواتین پولیس اہلکاروں کو نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔