ریاست مغربی بنگال کے ندیا ضلع کے کلیانی میونسپل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی لیگ میچ میں میزبان محمڈن اسپورٹنگ اور مہمان ٹیم تراؤ ایف سی آمنے سامنے ہوئیں۔
دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز میں کھیل کا آغاز کیا اور ایک دوسرے پر سبقت بنانے کی بھرپور کوشش کی۔ مگر کھیل کے دوسرے ہی منٹ پر کومورن ترسونو نے گول کر کے مہمان ٹیم تراؤ ایف سی کو ایک صفر کی سبقت دلانے میں اہم رول ادا کیا۔
محمڈن اسپورٹنگ نے ایک صفر سے پچھڑنے کے باوجود میچ میں واپس آنے کی بھر پور کوشش کی لیکن گول کرنے میں ناکام رہی۔ پہلے ہاف کے انجوری ٹائم میں تراؤ ایف سی ہلڈر لوبوٹو کے گول کی بدولت دو صفر کی سبقت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
دوسرے ہاف میں محمڈن اسپورٹنگ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ کھیل کے 56 ویں منٹ پر نکھل کدم نے گول کر کے میچ کا اسکور 1-2 کر دیا۔
کھیل کے 68 ویں منٹ پر ہیرا منڈل ہیڈر کے ذریعہ خوبصورت گول کرکے محمڈن اسپورٹنگ کو دو-دو گول کی برابری پر لا کھڑا کیا۔
کھیل کے اختتام تک دونوں ٹیموں کے درمیان ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی جنگ جاری رہی لیکن کسی کو مزید گول کرنے کا موقع نہیں ملا اور دلچسپ و سنسنی خیز مقابلہ2-2 سے ڈرا ہو گیا۔
مزید پڑھیں: ویب سیریز تانڈو کے خلاف سادھوی پراچی کی پریس کانفرنس
اس ڈرا کے سبب محمڈن اسپورٹنگ تین میچوں میں پانچ پوائنٹ کی بدولت دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے، جبکہ تراؤ ایف سی تین میچوں میں تین پوائنٹ حاصل کرنے کے بعد ساتویں مقام پر ہے۔