کولکاتا: مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا سے متصل ضلع ہوڑہ آمتا تھانہ علاقے میں عالیہ یونیورسٹی کے طالب علم اور متعدد تحریکوں میں متحرک رہنے والے انیس خان کے قتل کے معاملے میں تین پولیس اہکار کو معطل کر دیا گیا ہے۔ انیس خان کے قتل کے خلاف پورے ریاست میں طلبا ممتا بنرجی کی پولیس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
اس دوران معاملے طول پکڑنے پر ہوڑہ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ نے آمتا تھانے کے اے ایس آئی سمیت دو پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔
ہوڑہ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ (انڈسٹریل) سمن رائے نے کہا کہ اے ایس آئی نرمل داس، پولیس کانسٹیبل ایس بیرا اور ہوم گارڈ کاشی ناتھ کو ڈیوٹی میں لاپرواہی برتنے کے سبب معطل کر دیا گیا ہے۔ Three cops at Amta PS suspended over student leader Anis Khan murder case۔
ہوڑہ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ نے مزید کہا کہ انیس خان قتل معاملے کی تفتیش بالکل درست سمت چل رہی ہے، اس معاملے میں کوتاہی برتنے والے اہلکاروں کو بخشا نہیں جائے گا۔
دوسری طرف مقتول انیس خان کے والد نے پولیس اہلکاروں کی معطلی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ ہوڑہ ضلع کے مسلم اکثریتی علاقہ آمتا تھانہ علاقے میں پولیس کے لباس میں چار افراد انیس خان کے مکان میں زبردستی داخل ہو گئے تھے اور چھت سے انیس خان کو نیچے پھینک دیا تھا جس میں اس کی موت ہوگئی تھی۔
انیس کے قتل کے خلاف کولکاتا میں طلباء تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ طلباء کا کہنا تھا کہ اس کی اعلیٰ سطحی جانچ کی جائے۔
مزید پڑھیں:
دوسری طرف مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے انیس خان قتل معاملے کی تحقیقات کے لئے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے کر کارروائی کا حکم دیا ہے۔