مغربی بنگال کے بیرکپور سب ڈویژن میں واقع واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں تکنیکی خرابی کے سبب کولکاتا اور اس سے متصل شمالی 24 پرگنہ کے تاریخی شہر بیرکپور سب ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں پانی کی سپلائی پوری طرح سے متاثر رہی۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے جب واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے افسران سے بات کی تو انہیں بتایا گیا کہ آپ پہلے کولکاتا میونسپل کارپوریشن سے اجازت لے کر آئیں اس کے بعد ہی کوئی بات ہو گی۔
واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں تکنیکی خرابی کے باعث 96 گھنٹوں تک عام لوگوں کو پانی کے مسئلے سے دوچار ہونا پڑا۔
بیشتر میونسپلٹی علاقوں کے چند نلوں میں پانی آ رہا ہے وہاں لوگوں کی بھیڑ امڈ پڑی ہے۔
لوگ ٹیوب ویل کے پانی استعمال کرنے پر مجبور ہوئے.
اس ضمن میں گیارولیا میونسپلٹی کے ایڈمنسٹریٹو بورڈ کے سربراہ رابن داس نے کہا کہ پانی کا مسئلہ تھا لیکن اسے اب حل کرلیا گیا ہے۔
دراصل یہ مسئلہ ڈی وی سی پانی چھوڑے جانے کے سبب واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ متاثر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ گیارولیا میونسپلٹی کا اپنا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ہے جس سے روزانہ 4.52 گیلن پانی عام لوگوں تک پہنچایا جاتا ہے۔
لیکن ڈی وی سی سے گندے پانی چھوڑے جانے کے سبب واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے مشینوں کو نقصان پہنچا تھا۔
مرمت کے بعد دوبارہ کام شروع ہو گیا ہے۔
گیارولیا میونسپلٹی ایڈمنسٹریٹو بورڈ کی واحد مسلم رکن اور سات نمبر وارڈ کی کاونسلر صفیہ خاتون نے کہا کہ ڈی وی سی سے چھوڑے جانے کے بعد ہی پانی کا مسئلہ پیدا ہوا۔
لیکن انتظامیہ کی بروقت کارروائی کے سبب حالات پر جلد قابو پا لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس مسئلے سے آگاہ کیا گیا اور اس کے بعد ہر علاقے میں واٹر ٹینک مہیا کرایا گیا تاکہ مقامی باشندوں کو کسی بھی قسم کی کوئی پریشانی پیش نہ آئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سنچر کو بیرکپور کے پلتا میں واقع واٹر ٹرٹمینٹ پلانٹ کے ایک نمبر یونٹ میں خرابی آ گئی جس کے سبب کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے مختلف وارڈوں کے نلوں سے آلودہ پانی گرنے لگا تھا۔