ممبئی: شیوسینا نے الیکشن کمیشن پر الزام لگایا کہ وہ ممتا بنرجی کے خلاف 'متعصبانہ' رویہ اپنا رہی ہے۔ پارٹی نے یہ الزام انتخابی کمیشن کی جانب سے وزیر اعلی ممتا بنرجی کی انتخابی مہم پر 24 گھنٹے تک کی پابندی کے بعد لگایا۔
شیوسینا نے اپنے اخبار 'سامنا' کے اداریے میں لکھا کہ الیکشن کمیشن (ای سی) جیسے آئینی ادارہ کو سیاسی فوائد کے لیے ضابطے کی خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیے۔ مغربی بنگال میں 8 مراحل میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں جن میں سے 4 مراحل میں انتخابات مکمل ہوچکے ہیں۔
اداریے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن ممتا بنرجی کے ساتھ جانبداری کا سلوک کررہی ہے۔ کمیشن سے ہماری گذارش ہے کہ وہ صرف بی جے پی کی نہیں بلکہ سبھی کی سنیں۔
اداریے میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ مغربی بنگال میں انتخابی مہم کے دوران سبھی نے حدیں پار کیں لیکن صرف ممتا بنرجی کو ہی سزا دی جارہی ہے۔ اس میں کہا گیا تھا 'الیکشن کمیشن نے اس ضابطے کو بھی توڑا ہے کہ قانون کے سامنے سب برابر ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ کمیشن بھول گیا ہے کہ مغربی بنگال انقلاب پسندوں اور باغیوں کی سرزمین ہے'۔
اداریے میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے نتائج سے قطع نظر ممتا بنرجی کی تنہا لڑائی تاریخ میں یاد رکھی جائے گی۔ اخبار نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن بنرجی کے اس تبصرے سے خفا ہیں جس میں انہوں نے 'الیکشن کمیشن کو مودی کمیشن' کہا تھا۔
پارٹی نے کہا کہ مغربی بنگال میں زمینی حقیقت تشویشناک ہے کیونکہ مرکز کے ذریعہ تعینات سی آر پی ایف اہلکاروں نے تشدد پر قابو پانے کے بجائے ہجوم پر فائرنگ کردی۔ شیوسینا نے کہا کہ اس تشدد کی ذمہ داری مرکز کو لینی چاہیے۔